روسی تیل کی خریداری: ٹرمپ کا بھارت پر ٹیرف بڑھانے کا انتباہ، نومبر کے مہینے میں امریکا کو بھارتی برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر نئی دہلی نے روس سے تیل کی خریداری محدود کرنے سے متعلق واشنگٹن کے مطالبات پورے نہ کیے تو امریکا بھارتی اشیا پر ٹیرف میں مزید اضافہ کر سکتا ہے۔
ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک اچھے آدمی ہیں، انہیں معلوم تھا کہ میں خوش نہیں ہوں اور مجھے خوش کرنا ضروری تھا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ بھارت امریکا کے ساتھ تجارت کرتا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو ہم ان پر بہت تیزی سے ٹیرف بڑھا سکتے ہیں۔
امریکی صدر کا یہ بیان اس سوال کے جواب میں سامنے آیا جو بھارت کی جانب سے روسی تیل کی مسلسل خریداری سے متعلق کیا گیا تھا۔ تاہم ٹرمپ کا بھارت پر ٹیرف کے بیان پر بھارتی وزارتِ تجارت کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ برس روسی تیل کی بڑی مقدار میں خریداری پر بھارت کو سزا کے طور پر بھارتی مصنوعات پر درآمدی ٹیرف دگنا کرتے ہوئے 50 فیصد کر دیا تھا۔ اس کے باوجود نومبر کے مہینے میں امریکا کو بھارتی برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

بہتر تجارتی اعداد و شمار کے بعد بھارتی حکام نے امریکی دباؤ کے مقابلے میں سخت مؤقف اختیار کیے رکھا ہے۔ تاہم بعض شعبوں، خصوصاً زرعی درآمدات، میں محدود لچک دکھانے کے اشارے بھی دیے گئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق روس سے بھارت کی تیل کی خریداری میں حالیہ مہینوں کے دوران کمی بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت نے ملک کی ریفائنریوں سے روسی اور امریکی تیل کی ہفتہ وار خریداری کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ ممکنہ تجارتی معاہدے کے تناظر میں بھارت روسی خام تیل کی درآمدات کم کر کے یومیہ 10 لاکھ بیرل سے نیچے لے آئے گا۔
ٹرمپ کا بھارت پر ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد سے نریندر مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کم از کم تین مرتبہ ٹیلی فونک رابطہ ہو چکا ہے، تاہم اب تک یہ مذاکرات کسی حتمی تجارتی معاہدے یا نتیجے تک نہیں پہنچ سکے۔
گزشتہ ماہ نئی دہلی میں بھارتی سیکریٹری تجارت راجیش اگروال نے امریکی نائب تجارتی نمائندے رک سوئٹزر سے ملاقات کی تھی، جس میں دو طرفہ تجارت، ٹیرف اور معاشی تعلقات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
Donald Trump says India reduced its oil purchases from Russia because Modi wants to keep him happy.
Trump says, "Modi wanted to make me happy. He knew I was not happy, and it was important to make me happy."
These are the words of US President Trump. He says India cut back on… pic.twitter.com/qK3Us56ArV
— Congress (@INCIndia) January 5, 2026