پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی، صاحبزادہ فرحان نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 36 گیندوں پر 51 رنز اسکور
دمبولا : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی اور سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان سلمان علی آغا کے فیصلے کو پاکستانی بولرز نے درست ثابت کیا اور میزبان ٹیم کو 19.2 اوورز میں 128 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
سری لنکا کی جانب سے جنتھ لیانگے 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ہسارنگا اور چریتھ اسالانکا نے 18، 18 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی طرف سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا، سلمان مرزا اور ابرار احمد نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاداب خان اور محمد وسیم جونیئر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی بیٹنگ
129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے 17ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 36 گیندوں پر 51 رنز اسکور کیے اور میچ کے نمایاں کھلاڑی رہے۔
صائم ایوب نے 24 رنز بنائے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا 16 اور فخر زمان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
طویل عرصے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی کرنے والے شاداب خان نے 18 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ عثمان خان 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
فائنل الیون
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، سلمان علی آغا (کپتان)، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، محمد وسیم جونیئر، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل تھے۔
شاداب خان کی واپسی سے ٹیم کے بولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں توازن نظر آیا۔
✨ Victory vibes! Pakistan take the first game of the 3-match T20I series in Sri Lanka 🎉#SLvPAK #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/p7jTKhF7PP
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 7, 2026