اسلام آباد: کسٹمز انفورسمنٹ کی بڑی کارروائی، 41 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط، ضبط کی گئی تمام اشیاء نان ڈیوٹی پیڈ تھیں اور انہیں کسٹمز قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملک میں لایا گیا تھا
اسلام آباد (عامر چوہدری) : کسٹمز انفورسمنٹ اسلام آباد نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے نان کسٹمز پیڈ لگژری گاڑیاں، ہیوی بائیکس اور الیکٹرانکس کا بھاری ذخیرہ ضبط کرلیا، جس کی مجموعی مالیت اکتالیس کروڑ بائیس لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔
کسٹمز ذرائع کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ کی بڑی کارروائیاں اسلام آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں میں رات گئے کی گئیں، جہاں غیر قانونی طور پر ذخیرہ شدہ اور منتقل کیے جانے والے اسمگل شدہ سامان کی موجودگی سے متعلق مصدقہ خفیہ معلومات موصول ہوئی تھیں۔ ان اطلاعات کی روشنی میں کسٹمز انفورسمنٹ کی خصوصی ٹیموں نے متعدد ٹارگیٹڈ آپریشنز کیے۔
کسٹمز انفورسمنٹ کی بڑی کارروائی کے دوران ایک رولز رائس لگژری کار، سوزوکی اور کاواساکی کمپنی کی 19 ہیوی بائیکس کے علاوہ بڑی تعداد میں لیپ ٹاپس اور دیگر الیکٹرانک آلات برآمد کیے گئے۔ ابتدائی تحقیقات میں تصدیق ہوئی کہ ضبط کی گئی تمام اشیاء نان ڈیوٹی پیڈ تھیں اور انہیں کسٹمز قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملک میں لایا گیا تھا۔

کسٹمز حکام کے مطابق ضبط شدہ سامان کو مزید جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز گودام منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ ملوث عناصر کی شناخت اور اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کھیپ کسٹمز ایکٹ 1969 کی متعلقہ دفعات کے تحت ضبط کی گئی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ترجمان نے اس موقع پر کہا کہ اسمگلنگ ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچاتی ہے اور اس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خفیہ معلومات، جدید ٹیکنالوجی اور مربوط انفورسمنٹ کے ذریعے اسمگلنگ کے خاتمے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ کی بڑی کارروائیاں نہ صرف قومی محصولات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں بلکہ مقامی صنعت اور قانونی کاروبار کے لیے بھی معاون ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اسمگلنگ سے متعلق کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
ایف بی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غیر قانونی تجارت، نان ڈیوٹی پیڈ اشیاء کی خرید و فروخت اور اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
#CustomsEnforcement, Islamabad in intelligence-based operations, seizes smuggled #NCPvehicles, heavy bikes & electronic goods worth Rs. 412.2 million. The action reflects FBR’s sustained drive against smuggling and #IllicitTrade.1/3@IRSPakistan @PTVNewsOfficial pic.twitter.com/8pwwNsgUbt
— FBR (@FBRSpokesperson) January 14, 2026