بسنت کیلئے آفیشل لوگو تیار، قلعہ لاہور، رنگین پتنگیں اور پنجابی ثقافت نمایاں
بسنت تہوار کے لیے سرکاری آفیشل لوگو تیار کر لیا گیا ہے، جس کا مقصد بسنت کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ تمام سرکاری سرگرمیوں کو ایک مربوط برانڈنگ کے تحت لانا ہے۔ جاری کردہ آفیشل لوگو میں پنجاب کی تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی جھلک نمایاں طور پر دکھائی گئی ہے۔
لوگو کے مرکزی حصے میں قلعہ لاہور کو نمایاں انداز میں شامل کیا گیا ہے جو لاہور کی تاریخی حیثیت اور ثقافتی ورثے کی علامت ہے۔ اس کے ساتھ فضا میں اڑتی رنگ برنگی پتنگیں بسنت کی روایتی خوشی، جوش اور تہوار کی علامت کے طور پر پیش کی گئی ہیں۔ لوگو میں پنجابی ثقافت کے نمایاں رنگ اور انداز ایک خوبصورت ہم آہنگی کے ساتھ دکھائی دیتے ہیں۔
آفیشل لوگو میں ڈھول، پھول اور شوخ و چمکدار رنگوں کا حسین امتزاج شامل کیا گیا ہے، جو بسنت کی تہذیبی پہچان کو ایک ہی فریم میں سمیٹتا ہے۔ اطراف میں موجود ڈھول اور دیگر ثقافتی ساز پنجابی موسیقی اور روایات کی نمائندگی کرتے ہیں، جبکہ پھولوں اور آرٹ ورک میں استعمال کیے گئے شوخ رنگ خوشی، زندگی اور جشن کی علامت ہیں۔
لوگو کے نچلے حصے اور کناروں پر پنجابی ثقافت کے نمائندہ کرداروں کی تصاویر، روایتی ڈیزائنز اور پھولوں کی خوبصورت نقشہ کاری شامل کی گئی ہے، جو پنجاب کی تہذیبی تاریخ اور عوامی ثقافت کو اجاگر کرتی ہے۔ رنگوں کا متوازن انتخاب اور فنکارانہ انداز لوگو کو دیدہ زیب اور یادگار بناتا ہے۔
حکام کے مطابق بسنت سے متعلق تمام سرکاری تقریبات، تشہیری مہمات اور سرگرمیاں اسی آفیشل لوگو اور برانڈنگ کے تحت منعقد کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد بسنت تہوار کو ایک منظم، محفوظ اور سرکاری سطح پر تسلیم شدہ ثقافتی ایونٹ کے طور پر پیش کرنا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جعلی پوسٹرز، غیر مجاز ایونٹس اور غیر سرکاری سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کے لیے آفیشل ٹریڈ مارک متعارف کرایا گیا ہے، تاکہ عوام کو مستند اور منظور شدہ پروگرامز میں شرکت کا واضح اور محفوظ راستہ فراہم کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق آفیشل لوگو نہ صرف بسنت کی ثقافتی روح کی عکاسی کرتا ہے بلکہ یہ پنجاب کی تہذیب، روایت اور جشن کے تصور کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی ایک کوشش بھی ہے۔


One Response