سپریم کورٹ کا سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت ، جیل کی موجودہ حالت، سہولیات اور لیونگ کنڈیشن پر تفصیلی رپورٹ کا حکم
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بیرسٹر سلمان صفدر کو بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے انہیں فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کر دیا ہے۔ عدالت نے سلمان صفدر کو بطور عدالتی نمائندہ اور کمیشن اڈیالہ جیل جانے کی ہدایت کی ہے۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے حکم دیا کہ بیرسٹر سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد جیل میں موجودہ حالت، دستیاب سہولیات اور لیونگ کنڈیشن سے متعلق تفصیلی تحریری رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔
عدالت نے واضح ہدایت جاری کی کہ سلمان صفدر کو جیل کے باہر انتظار نہ کروایا جائے اور سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ اگر کسی مسئلے کا سامنا ہو تو چیف جسٹس کے ذاتی اسٹاف افسر سے فوری رابطہ کیا جائے۔

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کو ہدایت کی کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے مناسب وقت فراہم کیا جائے۔
عدالت نے یاد دلایا کہ 24 اگست 2023 کا حکم نامہ، جو بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے سے متعلق ہے، اس پر بھی مکمل عمل ہونا چاہیے۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے 5 اگست سے 18 اگست 2023 تک کی رپورٹ پیش کی جو اٹک جیل میں قید کے دوران کی تھی، جس پر عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے بانی پی ٹی آئی کی موجودہ حالت سے متعلق بھی رپورٹ طلب کر لی۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ آنکھوں کے معائنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق کچھ خدشات سامنے آئے ہیں، جس پر چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ لیونگ کنڈیشن سے متعلق رپورٹ چیمبر میں جمع کرائی جائے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدالت رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد پرسوں کیس پر فیصلہ کرے گی اور عدالتی معاونت فراہم کی جائے تاکہ بروقت فیصلہ ممکن ہو سکے۔
یہ سماعت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل بینچ نے کی، تاہم سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف ٹرائل کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی۔
اسلام آباد
بیرسٹر سلمان صفدر کی تحریک انصاف کے بانی چئیرمین عمران خان سے ملاقات کا حکم
سپریم کورٹ کا تحریری آرڈر جاری https://t.co/qHAJJx3ix5 pic.twitter.com/3qZhPwYo2d
— Shahid Hussain (@ShahidHussainJM) February 10, 2026