یٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت کا بڑا اعلان، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا موٹر سائیکل مالکان کو 2200 روپے دینے کا فیصلہ
پشاور: پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالکان کے لیے خصوصی مالی امداد پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے صوبے کے تمام رجسٹرڈ موٹر سائیکل سواروں کے لیے خصوصی سبسڈی اسکیم متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں اس وقت تقریباً 14 سے 16 لاکھ رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں موجود ہیں۔

موٹر سائیکل مالکان کو مالی امداد
انہوں نے کہا کہ حکومت کے نئے پروگرام کے تحت ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالکان کو 2200 روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی جبکہ اس ریلیف پیکج کے تمام اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔
بی آر ٹی کرایوں میں اضافہ نہیں ہوگا
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ایندھن کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود بی آر ٹی سسٹم کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا تاکہ عام مسافروں کو مزید بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وفاقی حکومت پر تنقید
سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر "پیٹرول بم” گرانے کے مترادف قرار دیا۔
انہوں نے وفاقی حکام پر زور دیا کہ عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کی جائے اور ایسے اہم فیصلوں سے قبل صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے۔
موٹر سائیکل مالکان کو 2200 روپے سبسڈی کی ادائیگی کا طریقہ کار
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سبسڈی کی رقم کا اعلان کر دیا گیا ہے تاہم یہ رقم موٹر سائیکل مالکان تک کس طریقے سے پہنچائی جائے گی، اس کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔