عالمی فٹبال میں نیا تنازع ایران نے فٹبال ورلڈ کپ کے میچز امریکہ میں کھیلنے سے انکار کر دیا
ایران نے باضابطہ طور پر فیفا سے مطالبہ کیا ہے کہ 2026 میں شیڈول فٹبال ورلڈ کپ کے دوران اس کے تمام میچز امریکہ سے منتقل کر کے میکسیکو شفٹ کر دیے جائیں۔ تہران اور واشنگٹن کے درمیان بڑھتی ہوئی سفارتی کشیدگی اور سکیورٹی خدشات اب کھیل کے میدان تک پہنچ چکے ہیں، جس نے فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کو ایک بڑی مشکل میں ڈال دیا ہے۔
ایران فٹبال فیڈریشن کا موقف
ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود یہ کہہ رہے ہیں کہ ایرانی ٹیم کا امریکہ آنا ٹھیک نہیں، تو ایسی صورتحال میں ہم وہاں جا کر خطرہ مول نہیں لے سکتے۔ مہدی تاج کے مطابق، فٹبال ورلڈ کپ کے حوالے سے ایران اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور اس سلسلے میں میچز کی منتقلی پر بات چیت کا عمل جاری ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات اور سکیورٹی خدشات
گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے مشورہ دیا تھا کہ ایران کی فٹبال ٹیم کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر امریکہ کا رخ نہ کرے۔ اس بیان نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے اور ایران نے اسے اپنی ٹیم کے لیے ایک واضح دھمکی کے طور پر لیا ہے۔ فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ کسی ٹیم نے میزبان ملک کی سکیورٹی پر عدم اعتماد کرتے ہوئے مقام کی تبدیلی کا مطالبہ کیا ہو۔
سپریم لیڈر کی شہادت اور شرکت نہ کرنے کا فیصلہ
واضح رہے کہ ایرانی وزیر کھیل احمد دنیا مالی پہلے ہی یہ اعلان کر چکے ہیں کہ ایران موجودہ حالات میں فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی سپریم لیڈر کو نشانہ بنائے جانے کے بعد اخلاقی اور قومی طور پر یہ ممکن نہیں کہ ایرانی کھلاڑی امریکی سرزمین پر جا کر کھیلیں۔ اس بڑے فیصلے نے فٹبال ورلڈ کپ کی رنگینیوں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
فیفا کے لیے لاجسٹک چیلنجز
فیفا کے لیے ایران کے میچز امریکہ سے باہر منتقل کرنا ایک بہت بڑا لاجسٹک چیلنج ہوگا۔ فٹبال ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی تین ممالک یعنی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کر رہے ہیں۔ اگر فیفا ایران کا مطالبہ تسلیم کرتا ہے تو اسے میچوں کا پورا شیڈول، ٹکٹوں کی فروخت اور ٹیموں کی رہائش کے انتظامات ازسرِ نو ترتیب دینے پڑیں گے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق، اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ فیفا اپنی پوری منصوبہ بندی کو صرف ایک ملک کے مطالبے پر تبدیل کرے۔
فیفا نے اعتزاز حسین کو پاکستان فٹبال کی نمائندگی کیلئے اہل قرار دیا
فیفا کا کہنا ہے کہ وہ ایران سمیت تمام رکن ممالک سے رابطے میں ہے تاکہ فٹبال ورلڈ کپ کا انعقاد پرامن طریقے سے ممکن بنایا جا سکے۔ تاہم، اگر ایران اپنے فیصلے پر قائم رہتا ہے اور فیفا میچز منتقل نہیں کرتا، تو ایرانی ٹیم میگا ایونٹ سے باہر ہو سکتی ہے، جو کہ فٹبال کے شائقین کے لیے ایک بڑا دھچکا ہوگا۔ مشرقِ وسطیٰ کی سیاسی صورتحال نے فٹبال ورلڈ کپ کو ایک ایسے موڑ پر لا کھڑا کیا ہے جہاں کھیل اور سیاست ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں۔