کوہاٹ میں خودکش حملہ ناکام بنانے والے لیاقت شہید کیلئے ستارہ شجاعت کی منظوری
اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے کوہاٹ کے قریب خودکش حملہ آور کو روک کر قیمتی جانیں بچانے والے بہادر شہری لیاقت شہید کیلئے ستارہ شجاعت کی منظوری دے دی۔
چند روز قبل کوہاٹ کے قریب ایک مشتبہ خارجی دہشتگرد کھیتوں کے راستے حساس علاقے کی جانب بڑھ رہا تھا کہ اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور کے رہائشی لیاقت نے اسے روک کر شناخت طلب کی۔
شناخت پوچھنے پر خودکش حملہ آور بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا اور اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں لیاقت شہید ہوگئے جبکہ دہشتگرد بھی ہلاک ہوگیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور کا مقصد حساس چیک پوسٹ تک پہنچ کر بڑی تباہی پھیلانا تھا، تاہم لیاقت شہید کی بروقت بہادری نے ممکنہ بڑے جانی نقصان کو روک دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی جان قربان کرکے مقامی آبادی کو بچانے والے لیاقت شہید کو قوم کا ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم کی سفارش پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے لیاقت شہید کیلئے ستارہ شجاعت کی منظوری دی، جبکہ لیاقت شہید کی والدہ، صاحبزادے اور بھائی آج شام ایوانِ صدر میں یہ اعزاز وصول کریں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ لیاقت شہید نے اپنی جان قربان کرکے بڑے جانی نقصان کو ٹال دیا اور ان کی جرأت، فرض شناسی اور قربانی پوری قوم کیلئے روشن مثال ہے۔
صدر کا کہنا تھا کہ لیاقت شہید نے خودکش حملہ آور کے سامنے ڈٹ کر بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا اور قوم اپنے اس بہادر سپوت کو سلام پیش کرتی ہے۔
On the recommendation of PM @CMShehbaz @PresOfPakistan @AAliZardari has approved the "Sitara-e-Shuja'at" for #LiaqatShaheed@OfficialDGISPR @PakPMO #RadioPakistan #News https://t.co/R4ib7dxuxL pic.twitter.com/cTZV9vFdSd
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) May 13, 2026