ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا، پاکستان میں عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی، متعدد مقامات سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں
پاکستان میں ذوالحجہ 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو منائی جائے گی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا، جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت صوبائی ہیڈکوارٹرز میں ہوئے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے مختلف شہروں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ متعدد مقامات سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن کی تصدیق کے بعد اعلان کیا گیا۔
اعلان کے مطابق پاکستان میں یکم ذوالحجہ 18 مئی کو ہوگی جبکہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی۔
دوسری جانب یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس سال پاکستان اور سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ ایک ہی دن منائی جائے گی، جس پر شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ عوام نے عید کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے اور مارکیٹوں میں رش میں اضافہ ہو گیا ہے۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی میڈیا سے گفتگو pic.twitter.com/qWIuMBJ3hp
— PTV News (@PTVNewsOfficial) May 17, 2026