ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی برقرار، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں بارش کا امکان

پاکستان میں موسم کی صورتحال اور بارش کا امکان
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی برقرار، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں بارش کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ اور جنوبی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے چند علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم رہے گا جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان بھی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم بالائی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم دیکھنے میں آ سکتا ہے۔

نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے رن وے پر پہلی پرواز کی کامیاب لینڈنگ کا منظر
نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ساؤتھ ائیر کی پہلی آزمائشی پرواز کا واٹر کینن سلوٹ سے استقبال۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرمی اور خشکی برقرار رہے گی، تاہم مری اور گلیات میں موسم نسبتاً خوشگوار اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ساہیوال، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور راجن پور میں دوپہر کے بعد تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔

سندھ کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ جنوبی اور جنوب مشرقی اضلاع میں دوپہر کے بعد مطلع جزوی ابر آلود ہو سکتا ہے۔

بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم نصیر آباد، لورالائی، کوہلو، بارکھان، موسیٰ خیل، خضدار اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک رہے گا جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک اور شدید گرم رہا، تاہم بالائی پنجاب اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش لاہور ایئرپورٹ پر 41 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ چکوال میں 37، لاہور سٹی میں 21، جہلم میں 18، گجرانوالہ میں 15، قصور میں 11، نارووال میں 9، سیالکوٹ میں 8، منگلا میں 7 اور منڈی بہاؤالدین میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]