راولپنڈی میں قیمتی لکڑی سے بھرا ٹرک ضبط، محکمہ جنگلات کا 55 لاکھ روپے جرمانہ
راولپنڈی میں قیمتی لکڑی سے بھرا ٹرک ضبط کر لیا گیا۔ محکمہ جنگلات نے جی ٹی روڈ گوجرخان کے قریب کارروائی کرتے ہوئے خیبرپختونخوا سے آنے والے قیمتی چیڑ کی لکڑی سے لدے ٹرک کو تحویل میں لے لیا جبکہ اسمگلنگ میں ملوث افراد پر 55 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔
ڈویژنل فاریسٹ آفیسر راولپنڈی عامر امتیاز کے مطابق ٹرک مانسہرہ سے آرہا تھا، جس میں تقریباً 700 فٹ قیمتی چیڑ کی لکڑی لوڈ کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کی ٹیم نے راولپنڈی سے ٹرک کا تعاقب کیا اور جی ٹی روڈ گوجرخان کے قریب اسے روک کر تلاشی لی۔ دوران چیکنگ ٹرک میں موجود افراد لکڑی کی قانونی نقل و حمل سے متعلق مطلوبہ دستاویزات پیش نہ کر سکے۔
محکمہ جنگلات نے پاکستان فاریسٹ ایکٹ 1927 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ٹرک اور لکڑی دونوں کو ضبط کر لیا اور انہیں سہالہ فاریسٹ سیل ڈپو منتقل کر دیا۔
حکام کے مطابق لکڑی اسمگلنگ میں ملوث افراد پر 55 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ جنگلات کے تحفظ اور لکڑی کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے صوبے بھر میں کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔
READ MORE FAQS
- کارروائی کہاں کی گئی؟
جی ٹی روڈ گوجرخان، راولپنڈی کے قریب محکمہ جنگلات نے کارروائی کی۔
- ٹرک کہاں سے آرہا تھا؟
ٹرک خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ سے راولپنڈی کی جانب آرہا تھا۔
- ٹرک میں کتنی لکڑی موجود تھی؟
ٹرک میں تقریباً 700 فٹ قیمتی چیڑ کی لکڑی موجود تھی۔
- محکمہ جنگلات نے کیا کارروائی کی؟
پاکستان فاریسٹ ایکٹ 1927 کے تحت ٹرک اور لکڑی ضبط کرکے سہالہ فاریسٹ سیل ڈپو منتقل کر دی گئی۔








