وادی نیلم اور کاغان میں کلاؤڈ برسٹ سے شدید تباہی، رابطہ پل، سڑکیں اور مکانات متاثر
وادی نیلم اور کاغان میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث آنے والے شدید سیلابی ریلوں نے دونوں علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں مکانات، دکانیں، رابطہ پل، سڑکیں اور دیگر انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق وادی نیلم کے کٹھہ پیراں نالے میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد اچانک طغیانی آگئی، جس سے 6 مکانات اور 25 دکانیں سیلابی ریلے کی نذر ہوگئیں۔
حکام کے مطابق سیلابی پانی میں 3 گاڑیاں اور 11 موٹر سائیکلیں بھی بہہ گئیں، جبکہ سڑک اور رابطہ پل کے بہہ جانے سے مقامی آبادی کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ درجنوں رہائشی گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، جبکہ فصلیں، باغات، پل، بجلی کا انفراسٹرکچر اور دیگر عوامی سہولیات بھی متاثر ہوئیں۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں مویشی بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب وادی کاغان میں بھی شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ حکام کے مطابق کاغان نالے میں سیلابی ریلے سے تین رابطہ پل بہہ گئے، جس کے باعث کئی علاقوں کا زمینی رابطہ متاثر ہوا۔
مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو ندی نالوں، پہاڑی علاقوں اور سیلابی گزرگاہوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ریسکیو ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔
بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث شمالی علاقوں میں انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔
READ MORE FAQS
کلاؤڈ برسٹ کہاں پیش آیا؟
کلاؤڈ برسٹ وادی نیلم کے کٹھہ پیراں نالے اور وادی کاغان کے مختلف علاقوں میں پیش آیا۔
کتنے مکانات اور دکانیں متاثر ہوئیں؟
وادی نیلم میں 6 مکانات اور 25 دکانیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔
کیا کوئی جانی نقصان ہوا؟
ڈپٹی کمشنر کے مطابق تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
کاغان میں کیا نقصان ہوا؟
کاغان نالے میں طغیانی کے باعث 3 رابطہ پل بہہ گئے، جس سے آمدورفت متاثر ہوئی۔








