عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم سپریم کورٹ نے جاری کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے علاج اور طبی معائنے کے حوالے سے اہم ہدایات دے دی ہیں
عدالت نے ہدایت کی کہ عمران خان کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اور انہیں سخت سکیورٹی میں اسپتال منتقل کیا جائے، جبکہ اسپتال کے باہر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور علاج سے متعلق مقدمات کی سماعت کے دوران جسٹس شاہد وحید نے عمران خان کا مکمل میڈیکل ریکارڈ عدالت میں پیش نہ کیے جانے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ فراہم کردہ دستاویزات صرف میڈیکل رپورٹ کی سمری ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت سے قبل عمران خان کا مکمل طبی ریکارڈ طلب کرلیا۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے میڈیکل رپورٹ میں انجیوگرافی کی ضرورت کا ذکر سامنے آنے پر استفسار کیا کہ کیا جیل میں انجیوگرافی ممکن ہے، جس پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایا کہ یہ عمل باہر اسپتال میں ہوسکتا ہے۔
عدالت نے عمران خان کی بہنوں سے ملاقات کے معاملے پر بھی تفصیلات طلب کیں۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایا کہ گزشتہ تین سال کے دوران بانی پی ٹی آئی سے ان کی بہنوں کی 48 ملاقاتیں کرائی گئیں، جس پر سپریم کورٹ نے تمام ملاقاتوں کی تفصیلات اور عمران خان کی بچوں سے ٹیلی فونک گفتگو کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔
دوران سماعت جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور ان کے علاج کو سیاسی معاملہ بنانے سے گریز کیا جائے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے مقدمات، سزاؤں، زیرِ سماعت کیسز اور معطل شدہ سزاؤں کی مکمل تفصیل بھی طلب کرلی۔
سپریم کورٹ نے اڈیالہ جیل حکام سے گزشتہ تین سال کے دوران عمران خان سے ہونے والی ملاقاتوں کا ریکارڈ بھی طلب کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایات پر عمل درآمد نہ ہونے سے متعلق وضاحت مانگ لی۔
عدالت نے مزید ہدایت کی کہ عمران خان سے ملاقات کرنے والے افراد کی جانب سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو نہ کرنے سے متعلق یقین دہانی بھی لی جائے۔ کیس کی سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کرتے ہوئے اڈیالہ جیل حکام کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا گیا۔
سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں واضح کیا کہ عمران خان کو اگلی سماعت تک شفا اسپتال منتقل کیا جائے، ان کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اور علاج کے دوران سکیورٹی و امن و امان کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
READ MORE FAQS
- سپریم کورٹ نے عمران خان کے بارے میں کیا حکم دیا؟
سپریم کورٹ نے عمران خان کو اگلی سماعت تک شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
- عمران خان کو کس اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا گیا؟
عدالت کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
- کیا عمران خان کے لیے میڈیکل بورڈ بنے گا؟
جی ہاں، سپریم کورٹ نے عمران خان کی طبی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔
- سپریم کورٹ نے عمران خان کا میڈیکل ریکارڈ کیوں طلب کیا؟
عدالت کے مطابق پیش کیا گیا مواد مکمل میڈیکل ریکارڈ نہیں بلکہ رپورٹ کی سمری ہے، اس لیے مکمل ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔








