رانا ثنا اللہ کو محسن نقوی کے خلاف بیان بازی سے روک دیا گیا، وزیراعظم کی ہدایت کا انکشاف
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں وزیر داخلہ محسن نقوی کے خلاف بات کرنے سے منع کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کو وضاحت دی ہے کہ محسن نقوی کے خلاف ان کی بات ذاتی نوعیت کی نہیں تھی اور نہ ہی ان کا محسن نقوی سے کوئی ذاتی جھگڑا ہے۔ دونوں کے درمیان گزشتہ 20 سے 22 سال سے تعلق ہے۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے قائم نہیں کیے جاسکتے بلکہ اس کے لیے آئینی طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ آئین کے مطابق ہی ممکن ہے۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے رانا ثنا اللہ کے مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شکر ہے رانا صاحب نے یہ بات تسلیم کرلی کہ ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے نہیں بن سکتے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک وزیر کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ وہ آج کل ٹی وی پر آنے کے لیے روزانہ ان پر تبصرے کر رہے ہیں، جس دن انہوں نے جواب دیا تو وہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
محسن نقوی کے اس بیان کے بعد رانا ثنا اللہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ کیا محسن نقوی قائداعظم ہیں کہ وہ تین سال سے ان کی ذات پر تبصرے کر رہے ہیں؟ انہوں نے واضح کیا تھا کہ انہوں نے کبھی محسن نقوی کی ذات کو نشانہ بنایا ہے اور نہ ہی ایسا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان کو ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے گریز کرنے اور اختلافات باہمی مشاورت سے حل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
READ MORE FAQS”
سوال 1: وزیراعظم شہباز شریف نے رانا ثنا اللہ کو کیا ہدایت کی؟
جواب: رانا ثنا اللہ کے مطابق وزیراعظم نے انہیں وزیر داخلہ محسن نقوی کے خلاف بات کرنے سے منع کیا ہے۔
سوال 2: رانا ثنا اللہ اور محسن نقوی کے درمیان کتنے عرصے سے تعلق ہے؟
جواب: رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ دونوں کے درمیان تقریباً 20 سے 22 سال سے تعلق ہے۔
سوال 3: رانا ثنا اللہ نے نئے صوبوں کے قیام کے بارے میں کیا کہا؟
جواب: ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبے ریفرنڈم کے ذریعے نہیں بلکہ آئینی طریقہ کار کے تحت قائم ہوں گے۔
سوال 4: بیرسٹر علی ظفر نے رانا ثنا اللہ کے بیان پر کیا ردعمل دیا؟
جواب: بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ شکر ہے رانا ثنا اللہ نے یہ بات تسلیم کرلی کہ ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے نہیں بن سکتے۔





