نیشنل پریس کلب کے صدارتی امیدوار عبدالرزاق سیال کا آئی یو جے دفتر کا دورہ، صحافیوں کے مسائل کے حل کے عزم کا اظہار
اسلام آباد: نیشنل پریس کلب کے صدارتی امیدوار عبدالرزاق سیال نے اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آئی یو جے) کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں یونین کے عہدیداران اور صحافی برادری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران عبدالرزاق سیال نے آئی یو جے کی قیادت سے ملاقات کی اور صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ مسائل، میڈیا انڈسٹری کی موجودہ صورتحال، آزادیٔ صحافت اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق سیال نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ، آزادیٔ صحافت کا فروغ اور میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل کا مؤثر حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں صحافی برادری نے خدمت کا موقع دیا تو نیشنل پریس کلب کو مزید فعال، باوقار اور صحافی دوست ادارہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیشنل پریس کلب اور اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس مل کر صحافی برادری کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ تحفظ اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔
اس موقع پر اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے چیئرمین شاہنواز خان، صدر فیاض تنولی، جنرل سیکرٹری سردار سجاد طارق اور فنانس سیکرٹری ملک نجیب نے عبدالرزاق سیال کو نیشنل پریس کلب کے صدارتی انتخاب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے پیشگی مبارکباد دی۔
آئی یو جے کی قیادت نے امید ظاہر کی کہ عبدالرزاق سیال کی قیادت میں صحافیوں کے مسائل کے حل، آزادیٔ صحافت کے تحفظ اور پیشہ ورانہ ماحول کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
ملاقات کے دوران دونوں اداروں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے، مشترکہ جدوجہد کو فروغ دینے اور صحافی برادری کے مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔






