ڈیووس میں بڑی پیش رفت: آذربائیجان کی کمپنی پاکستان کے تیل و گیس سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے تیار
آذربائیجان کی ایک معروف کمپنی نے پاکستان کے تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے، جسے ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ اعلان وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقدہ بزنس راؤنڈ ٹیبل اجلاس کے دوران سامنے آیا۔
اجلاس میں عالمی سطح کی معروف کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای اوز) اور سینئر حکام نے شرکت کی، جہاں پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری کے مواقع اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء کو حکومت پاکستان کی جانب سے مالی نظم و ضبط، کاروبار دوست ماحول اور پائیدار ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آذربائیجان کی کمپنی نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے تیل اور گیس کے منصوبوں میں شراکت کا اعلان کیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے اس موقع پر ٹیکس نظام کو مزید مضبوط، شفاف اور مؤثر بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس اصلاحات معیشت کی بہتری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے ناگزیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، خصوصاً توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں۔
دریں اثنا، ڈیووس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان میں صحت کے شعبے اور ادارہ جاتی اصلاحات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران عوامی فلاح، انسانی ترقی اور حکومتی اداروں کی استعداد کار بہتر بنانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل اصلاحات سے نہ صرف ٹیکس نیٹ میں وسعت آئے گی بلکہ شفافیت اور کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
معاشی ماہرین کے مطابق ڈیووس میں ہونے والی یہ ملاقاتیں اور سرمایہ کاری کے اعلانات پاکستان کی عالمی سطح پر مثبت معاشی شبیہ کو اجاگر کرتے ہیں اور مستقبل میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے راہ ہموار کر سکتے ہیں۔


One Response