خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈ سے تباہی، 7 افراد جاں بحق، 19 زخمی

خیبرپختونخوا بارشوں اور فلش فلڈ سے تباہی
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

خیبرپختونخوا میں موسلا دھار بارشوں اور فلش فلڈ سے 7 افراد جاں بحق، درجنوں گھر متاثر

خیبرپختونخوا بارشیں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف اضلاع میں تباہی کا سبب بنیں، جہاں موسلا دھار بارش، آندھی اور فلش فلڈ کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 19 افراد زخمی ہوگئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 مرد، ایک خاتون اور 4 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، ایک خاتون اور 11 بچے شامل ہیں۔

38 مکانات متاثر

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مجموعی طور پر 38 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 36 مکانات جزوی جبکہ 2 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

یہ حادثات خیبر، دیر زیریں، دیر بالائی، مردان، شانگلہ، باجوڑ اور چترال زیریں سمیت مختلف اضلاع میں پیش آئے۔

امدادی سرگرمیاں جاری

پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرین تک فوری امدادی سامان پہنچانے اور امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

مزید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 3 جولائی تک صوبے کے مختلف علاقوں میں مزید تیز بارش، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، جس سے کمزور عمارتوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، صوابی، خیبر، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان برقرار ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امداد کے لیے ہیلپ لائن 1700 سے رابطہ کریں۔

READ MORE FAQS

خیبرپختونخوا میں بارشوں سے کتنے افراد جاں بحق ہوئے؟
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں 7 افراد جاں بحق ہوئے۔

کتنے افراد زخمی ہوئے؟
شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے مختلف واقعات میں 19 افراد زخمی ہوئے۔

کتنے مکانات متاثر ہوئے؟
38 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 36 کو جزوی اور 2 کو مکمل نقصان پہنچا۔

کن اضلاع میں زیادہ نقصان ہوا؟
خیبر، دیر زیریں، دیر بالائی، مردان، شانگلہ، باجوڑ اور چترال زیریں سمیت متعدد اضلاع متاثر ہوئے۔

متعلقہ خبریں