خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشیں اور سیلابی ریلے، 12 افراد جان کی بازی ہار گئے
کے پی طوفانی بارشیں اور سیلابی ریلوں نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 18 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں اور فلش فلڈ سے نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، چترال، لوئر دیر، ہزارہ ڈویژن، کرم اور شمالی وزیرستان سمیت کئی اضلاع متاثر ہوئے، جہاں مختلف نوعیت کے حادثات اور نقصانات رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 18 رہائشی گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 15 گھروں کو جزوی جبکہ 3 گھروں کو مکمل طور پر تباہ ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور دیگر متعلقہ محکمے متحرک ہیں۔ تمام متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امدادی سامان، رہائش اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً پہاڑی علاقوں، ندی نالوں اور سیلابی گزرگاہوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں۔ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو وسائل تیار رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
READ MORE FAQS
کے پی میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کتنے افراد جاں بحق ہوئے؟
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں 12 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
کتنے افراد زخمی ہوئے؟
شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے مختلف واقعات میں 18 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کن اضلاع میں زیادہ نقصان ہوا؟
نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، چترال، لوئر دیر، ہزارہ ڈویژن، کرم اور شمالی وزیرستان متاثرہ اضلاع میں شامل ہیں۔
کتنے گھروں کو نقصان پہنچا؟
بارشوں کے باعث 18 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 15 جزوی اور 3 مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔








