ٹرمپ نے نیٹلی بیکر کو پاکستان میں امریکی سفیر نامزد کر دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کو ملک میں امریکا کا نیا سفیر نامزد کر دیا ہے۔ ان کی نامزدگی منظوری کے لیے امریکی سینیٹ کو بھجوا دی گئی ہے، جس کے بعد توثیق کی صورت میں وہ باضابطہ طور پر سفیر کا عہدہ سنبھالیں گی۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے 9 نومبر کو جاری اعلامیے کے مطابق نیٹلی بیکر کو اسلامی جمہوریہ پاکستان میں امریکا کی سفیرِ فوق العادہ و مکمل الاختیار مقرر کرنے کی نامزدگی کی گئی ہے۔ وہ امریکی سینئر فارن سروس کی کیریئر رکن اور منسٹر کونسلر کے عہدے پر فائز ہیں۔
نامزدگی امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی میں جائزے کے بعد مکمل ایوان میں ووٹنگ کے لیے پیش کی جائے گی۔ سینیٹ سے منظوری ملنے کے بعد ہی نیٹلی بیکر باضابطہ طور پر پاکستان میں امریکی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھال سکیں گی۔
یاد رہے کہ نیٹلی بیکر جنوری 2025 سے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی ناظم الامور کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وہ اگست 2024 میں پاکستان میں ڈپٹی چیف آف مشن کی حیثیت سے تعینات ہوئی تھیں۔
پاکستان آنے سے قبل وہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی سفارت خانے کی ڈپٹی چیف آف مشن رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے لیبیا میں امریکی مشن، دبئی میں امریکی قونصل خانے اور کویت میں امریکی سفارت خانے میں بھی مختلف سفارتی ذمہ داریاں انجام دیں۔
امریکی آئینی طریقہ کار کے تحت صدر کی جانب سے نامزد سفیر کی تقرری کے لیے سینیٹ کی توثیق ضروری ہوتی ہے۔
READ MORE FAQS”
نیٹلی بیکر کون ہیں؟
نیٹلی بیکر امریکی فارن سروس کی سینئر سفارت کار ہیں اور پاکستان میں امریکی ناظم الامور کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
نیٹلی بیکر کو کس عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے؟
انہیں پاکستان میں امریکا کی سفیر کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
نیٹلی بیکر کی نامزدگی کی منظوری کون دے گا؟
امریکی آئینی طریقہ کار کے مطابق سفیر کی نامزدگی کی حتمی توثیق امریکی سینیٹ کرتی ہے۔
نیٹلی بیکر کب سے پاکستان میں خدمات انجام دے رہی ہیں؟
نیٹلی بیکر جنوری 2025 سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور کے طور پر فرائض انجام دے رہی ہیں۔






