این ڈی ایم اے کا الرٹ، 6 سے 10 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں اور مقامی سیلاب کا خدشہ

این ڈی ایم اے نے 6 سے 10 جولائی تک موسلادھار بارشوں، مقامی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کردیا
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

این ڈی ایم اے کا الرٹ، 6 سے 10 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں اور مقامی سیلاب کا خدشہ

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں 6 سے 10 جولائی 2026 کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور پہاڑی علاقوں میں مقامی سیلاب کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 6 سے 10 جولائی تک کی موسمی صورتحال اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ممکنہ خطرات کی پیشگی نشاندہی اور متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

اعلامیے کے مطابق 6 جولائی سے شمالی پاکستان میں ایک فعال موسمی نظام داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث آزاد کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔

اپر چترال سیلاب سے رابطہ پل بہہ گیا
اپر چترال میں گلیشیائی پگھلاؤ سے آنے والے سیلاب کے باعث یارخون کا واحد رابطہ پل بہہ گیا۔

این ڈی ایم اے نے بتایا کہ 7 سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ 7 جولائی کو اسلام آباد، پوٹھوہار، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، شمالی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں موسلادھار بارشوں کی شدت مزید بڑھنے کی توقع ہے۔

ادارے کے مطابق متوقع موسلادھار بارشوں کے باعث تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ 7 سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں بھی معمولی اضافہ متوقع ہے۔ تاہم موجودہ صورتحال کے مطابق بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں اچانک پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے باعث حساس بالائی علاقوں میں مقامی سیلاب کا خدشہ موجود ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے، جبکہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسمی پیش گوئی اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور تازہ ترین موسمی معلومات اور حفاظتی رہنمائی کے لیے این ڈی ایم اے کی ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے استفادہ کریں۔

 
READ MORE FAQS”

سوال: این ڈی ایم اے نے بارشوں کا الرٹ کب تک جاری کیا ہے؟

جواب: این ڈی ایم اے نے 6 سے 10 جولائی 2026 تک ملک کے مختلف علاقوں کے لیے موسمی الرٹ جاری کیا ہے۔

سوال: کن علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے؟

جواب: اسلام آباد، پوٹھوہار، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، شمالی پنجاب، شمالی بلوچستان اور دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سوال: کیا بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا خطرہ ہے؟

جواب: این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا خطرہ نہیں، تاہم دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔

سوال: کن خطرات کے بارے میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے؟

جواب: مقامی سیلاب، اربن فلڈنگ، پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے خطرات سے متعلق خبردار کیا گیا ہے۔

سوال: شہری احتیاط کے لیے کیا کریں؟

جواب: شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کے ذریعے تازہ ترین موسمی معلومات حاصل کریں۔

متعلقہ خبریں