پاکستان نے یو اے ای کے براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ پر ڈرون حملے کی مذمت کر دی، بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ پر ہونے والے ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان برادر ملک متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

اعلامیے کے مطابق جوہری تنصیبات کو دانستہ طور پر نشانہ بنانا عالمی قوانین اور بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ کسی بھی صورتحال میں شہری جوہری تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے کیونکہ ایسی غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں عالمی امن، علاقائی استحکام اور ماحولیات کے لیے تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتی ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ شہری جوہری انفرااسٹرکچر کی حرمت ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی اصول ہے، جس کا احترام ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔
پاکستان نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ کشیدگی میں کمی لانے، تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مذاکرات و سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل کی جانب پیش رفت کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق خطے میں پائیدار امن اور استحکام کا واحد راستہ بات چیت اور سفارتی کوششیں ہیں۔
واضح رہے کہ ابوظبی حکام نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ الظفرہ ریجن میں واقع براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے اندرونی حفاظتی حصار کے باہر ایک برقی جنریٹر پر ڈرون حملے کے باعث آگ بھڑک اٹھی تھی۔
اماراتی حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ تابکاری کے حفاظتی معیار بھی مکمل طور پر محفوظ رہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ پاور پلانٹ کے اہم نظام متاثر نہیں ہوئے اور تمام یونٹس معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
🔊 PR No.1️⃣1️⃣8️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Pakistan Strongly Condemns the Drone Attack on the Barakah Nuclear Energy Plant of the United Arab Emirates
🔗⬇️https://t.co/7J7r1j6ZCH pic.twitter.com/DyMIR7bmoQ
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) May 18, 2026