بدیان سیکٹر میں 2 پاکستانی شہریوں کی ہلاکت، بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب، پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج
ویب ڈیسک: بدیان سیکٹر میں دو پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
پاکستانی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ واقعہ 2 اکتوبر 2026 کو بین الاقوامی سرحد کے ساتھ بدیان سیکٹر میں پیش آیا، جہاں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے۔
دفتر خارجہ کے مطابق بی ایس ایف اہلکاروں نے غیر مسلح شہریوں کے خلاف مبینہ طور پر بلااشتعال مہلک طاقت کا استعمال کیا، جسے پاکستان نے غیرمناسب اور غیر متناسب قرار دیا۔

پاکستان نے جاں بحق شہریوں کو ’’درانداز‘‘ قرار دینے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ بنیادی انسانی حقوق، بالخصوص زندگی کے حق، سے متعلق سنگین تشویش پیدا کرتا ہے۔
دفتر خارجہ نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف مناسب محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے اور تحقیقات کے نتائج و کارروائی سے حکومت پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے۔
پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کے زریعے بھارت پر زور دیا کہ وہ بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کا احترام یقینی بنائے، متعلقہ دوطرفہ انتظامات اور طے شدہ سرحدی طریقہ کار پر سختی سے عمل کرے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے واقعے کو مختلف انداز میں رپورٹ کیا ہے۔ بھارتی حکام کے حوالے سے بعض رپورٹس میں جاں بحق افراد کو مبینہ طور پر بھارتی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے افراد قرار دیا گیا ہے۔
پاکستانی حکام کے مطابق واقعے میں دو شہری جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا، تاہم بھارتی اور پاکستانی بیانیے میں واقعے کی نوعیت اور حالات کے حوالے سے اختلاف موجود ہے۔
🔊PR No.2️⃣7️⃣2️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Indian Chargé d’Affaires Summoned Over Killing of Two Pakistani Civilians
🔗⬇️ pic.twitter.com/7o9A1UvrLF
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) October 3, 2026
READ MORE FAQS”
Q1: بدیان سیکٹر میں کیا واقعہ پیش آیا؟
بدیان سیکٹر میں دو پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان نے بھارتی چارج ڈی افیئرز کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا۔
Q2: پاکستان نے بھارت سے کیا مطالبہ کیا؟
پاکستان نے واقعے کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی و تادیبی کارروائی اور تحقیقات کے نتائج سے باضابطہ آگاہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
Q3: پاکستان نے ہلاک ہونے والے افراد کو ’درانداز‘ قرار دینے کو کیا کہا؟
پاکستان نے ہلاک ہونے والے پاکستانی شہریوں کو ’درانداز‘ قرار دینے کی تعبیر مسترد کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
Q4: بھارتی مؤقف کیا ہے؟
بھارتی حکام اور میڈیا رپورٹس میں واقعے کو مختلف انداز میں بیان کیا گیا ہے، جس میں ہلاک افراد پر بھارتی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کا الزام بھی شامل ہے۔




