پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ساز تیزی، ایک لاکھ 90 ہزار 522 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر، سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور مارکیٹ میں مسلسل خریداری کے باعث مجموعی تیزی 1355 پوائنٹس
کراچی : پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

کاروباری ہفتے کے آغاز پر بازارِ حصص میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا، جہاں انڈیکس 1288 پوائنٹس کی شاندار تیزی کے ساتھ بڑھ کر ایک لاکھ 90 ہزار 455 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
بعد ازاں سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور مارکیٹ میں مسلسل خریداری کے باعث مجموعی تیزی 1355 پوائنٹس تک جا پہنچی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 90 ہزار 522 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو بھی عبور کر گیا۔
ماہرین کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ کی بڑی وجوہات میں معاشی اشاریوں میں بہتری، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور آئندہ دنوں میں مثبت معاشی پالیسیوں کی توقع شامل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جزوی مندی کے باوجود مجموعی طور پر تیزی کا رجحان غالب رہا تھا، جس نے آج کے ریکارڈ ساز اضافے کی بنیاد فراہم کی۔