وادی تیراہ میں شدید برفباری، پھنسے آئی ڈی پیز کی محفوظ مقامات پر منتقلی، ریسکیو آپریشن جاری

وادی تیراہ میں شدید برفباری کے دوران آئی ڈی پیز کا ریسکیو آپریشن
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

وادی تیراہ میں شدید برفباری، پھنسے آئی ڈی پیز کی محفوظ مقامات پر منتقلی، ریسکیو آپریشن جاری

خیبر : ضلع خیبر کے وادی تیراہ میں حالیہ شدید برفباری کے باعث پھنسے ہوئے بے گھر افراد (آئی ڈی پیز) کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ، پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی مشترکہ کوششوں سے متاثرہ خاندانوں کو بروقت امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی جرگے سے تیراہ میں آپریشن کے حوالے سے خطاب
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کا ضلع خیبر کے مشران سے خطاب

ڈپٹی کمشنر خیبر بلال شاہد کے مطابق، شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے فوری اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں تمام متاثرہ خاندان محفوظ رہے۔ انہوں نے بتایا کہ امدادی سامان کی کھیپ رات کے وقت ہی پائندہ چینہ پہنچا دی گئی تھی، جبکہ پھنسے ہوئے خاندانوں کو پائندہ چینہ کے اسکول اور ہاسٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق متاثرہ افراد کو کمبل فراہم کیے گئے ہیں جبکہ بچوں میں سویٹرز اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی گئی ہیں۔ وادی تیراہ میں بارش اور شدید برفباری کے باعث تقریباً 100 کے قریب گاڑیاں مختلف شاہراہوں پر پھنس گئی تھیں، جنہیں نکالنے کے لیے بھی ریسکیو اور کلیرنس آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امدادی سرگرمیاں ننگروسہ سے دوہ توئی اور دوہ توئی سے لرباغ تک جاری رہیں، جبکہ دیگر رابطہ سڑکوں پر تاحال صفائی کا عمل جاری ہے۔ ریسکیو ٹیموں کی نگرانی میں پہلے بچوں اور خواتین کو اور بعد ازاں مردوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر خیبر نے مزید کہا کہ وادی تیراہ میں شدید برفباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے باعث حفاظتی نقطۂ نظر سے نقل مکانی کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ موسم بہتر ہوتے ہی امدادی اور نقل مکانی کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے الرٹ ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]