ذوالحجہ کا چاند آج نظر آنے کے واضح امکانات، عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہونے کا امکان
ماہرین فلکیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ذوالحجہ 1447 ہجری کا چاند آج نظر آنے کے واضح امکانات موجود ہیں، جس کے بعد پاکستان میں عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو منائے جانے کا امکان ہے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس آج 17 مئی کو طلب کیا گیا ہے، جس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
مرکزی اجلاس کے ساتھ ساتھ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی صوبائی ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوں گے۔ لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں زونل کمیٹیوں کے خصوصی اجلاس طلب کیے گئے ہیں تاکہ ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادتیں جمع کی جا سکیں۔
ماہرین فلکیات کے مطابق چاند 17 مئی کی رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوگا جبکہ آج شام کے وقت چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی، جو رویت کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موسم صاف رہا تو ملک کے مختلف علاقوں میں چاند واضح طور پر نظر آنے کے امکانات موجود ہیں۔ ایسی صورت میں یکم ذوالحجہ 18 مئی کو ہوگی جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی۔
دوسری جانب شہریوں میں عیدالاضحیٰ کی تیاریوں کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے، جبکہ مویشی منڈیوں میں خریداروں کی آمد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ذوالحجہ 1447 کا چاند 17 مئی 2026 (اتوار) کو اچھے اور صاف موسم میں بعض علاقوں (خاص طور پر یورپ، شمالی افریقہ، امریکہ اور سعودی ارب) میں نظر آنے کا امکان ہے۔ تاہم 18 مئی (پیر) کو یہ چاند پوری دنیا میں عام آنکھ سے آسانی سے صاف نظر آئے گا۔
لہٰذا یکم ذوالحجہ 1447 کا امکان 18 مئی 2026… pic.twitter.com/g1kPcwX7MW
— Basit Alvi (@bpk69) May 16, 2026