9 مئی مقدمات: عادل راجا، معید پیرزادہ سمیت 7 افراد کو دو، دو عمر قید کی سزا
اسلام آباد : اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کے فسادات سے متعلق مقدمات میں یوٹیوبر عادل راجا، صحافی وجاہت سعید خان، صابر شاکر اور شاہین صہبائی، اینکر پرسن حیدر رضا مہدی، تجزیہ کار معید پیرزادہ اور سابق فوجی افسر اکبر حسین کو دو، دو عمر قید کی سزائیں سنا دیں۔
یہ فیصلے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے ملزمان کی غیر موجودگی میں 9 مئی مقدمات کی سماعت مکمل ہونے کے بعد سنائے۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان پر 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کے الزامات ثابت ہوئے۔
عدالتی احکامات کے مطابق عادل راجا، وجاہت سعید خان، شاہین صہبائی اور حیدر رضا مہدی کے خلاف تھانہ رمنا میں، جبکہ صابر شاکر، اکبر حسین اور معید پیرزادہ کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمات درج تھے۔

عدالت نے ملزمان کو پاکستان کے خلاف جنگ چھیڑنے یا اس کی کوشش اور مجرمانہ سازش کے دو الزامات میں سخت عمر قید کی سزا سنائی۔ ہر الزام پر پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، عدم ادائیگی کی صورت میں سزا میں مزید چھ ماہ کا اضافہ ہوگا۔
عدالتی حکم کے مطابق ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 382-بی کے تحت حراست میں گزارا گیا عرصہ سزا میں شمار کیا جائے گا اور تمام سزائیں بیک وقت نافذ ہوں گی۔ ملزمان کو سات دن کے اندر اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا حق بھی دیا گیا ہے۔
عدالت نے متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی دستیابی پر انہیں گرفتار کر کے سزا پر عمل درآمد کے لیے جیل منتقل کیا جائے۔
Big news! Adil Raja, Sabir Shakir, Moeed Pirzada, Shaheen Sehbai, Haider Mehdi and Wajahat S Khan sentenced to life imprisonment twice in the 9th May digital terrorism case. They all have been sentenced to 35 years of imprisonment and Rs 1.5 million fine each.
— Wajahat Kazmi (@KazmiWajahat) January 2, 2026
One Response