بلاول بھٹو زرداری کا نیشنل گیمز 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب، قومی یکجہتی اور مستقبل پر اعتماد کا اظہار

بلاول بھٹو زرداری کا نیشنل گیمز 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

بلاول بھٹو زرداری کا نیشنل گیمز 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب، قومی یکجہتی اور مستقبل پر اعتماد کا اظہار

کراچی(رئیس الاخبار) :— چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں منعقدہ نیشنل گیمز 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی یکجہتی، نظم و ضبط اور پاکستان کے روشن مستقبل پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

بلاول ہاؤس کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگرچہ نیشنل گیمز کی مشعل بجھ گئی ہے، لیکن اس ایونٹ سے جنم لینے والا جذبہ اتحاد، حوصلے اور امید کی صورت میں پورے ملک میں زندہ رہے گا۔ انہوں نے سندھ کے عوام کی جانب سے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور ان کی قیادت کو قومی طاقت، پیشہ ورانہ مہارت اور اتحاد کی علامت قرار دیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نیشنل گیمز محض رفتار، طاقت یا مہارت کا مقابلہ نہیں بلکہ پاکستان کی اجتماعی شناخت کا جشن ہیں۔
ان کا کہنا تھا:
“گلگت بلتستان سے گوادر، خیبر سے کراچی اور لاہور سے لاڑکانہ تک ہر کھلاڑی نے اپنے صوبے کے رنگ پہن رکھے تھے، مگر سب ایک ہی قومی پرچم تلے متحد نظر آئے۔”

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کے لیے نیشنل گیمز کی میزبانی اعزاز کی بات ہے، کیونکہ یہ صوبہ قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک وفاق اور قومی وحدت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز کی میزبانی سندھ کے وفاق سے وابستگی اور قومی ہم آہنگی کے عزم کا مظہر ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سردار محمد بخش خان مہر کی قیادت اور منصوبہ بندی کو سراہا، جس کے باعث نیشنل گیمز کا کامیاب انعقاد ممکن ہوا۔ بلاول بھٹو نے کھلاڑیوں کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمغے جیتیں یا نہ جیتیں، تمام کھلاڑی نظم، استقلال اور اتحاد کے سفیر بن کر اپنے گھروں کو لوٹیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کوچز، آفیشلز، رضاکاروں، طبی عملے، منتظمین اور سیکیورٹی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس قومی ایونٹ کو پرامن، محفوظ اور باوقار انداز میں ممکن بنایا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا گوجرانوالہ و سیالکوٹ گیریژن کا دورہ، پاک فوج ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر گوجرانوالہ گیریژن میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے

ملکی چیلنجز کا حوالہ دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ رواں سال پاکستان نے کٹھن حالات کا سامنا کیا مگر قوم نے اتحاد اور عزم کے ساتھ ان کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت، ہم آہنگی اور قوت کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کی خودمختاری اور وقار کا بھرپور دفاع کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی صرف عسکری نہیں بلکہ قومی فتح تھی، جو عوام اور افواج کے درمیان مضبوط رشتے کی عکاس ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہی جذبہ اب تعلیمی اداروں، کھیل کے میدانوں اور روزمرہ زندگی میں بھی نظر آنا چاہیے تاکہ ہر صوبے کے بچے کو کھیل، تعلیم، صحت اور قومی خدمت کے مساوی مواقع میسر آ سکیں۔

آخر میں بلاول بھٹو زرداری نے نیشنل گیمز 2025 کے تمام شرکاء، تمغہ حاصل کرنے والوں اور صوبوں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ اس ایونٹ میں بننے والی دوستیوں، سیکھے گئے اسباق اور قومی اتحاد کا سفر مستقبل میں بھی پاکستان کو مضبوط بناتا رہے گا۔ انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام “پاکستان زندہ باد” کے نعروں کے ساتھ کیا۔

 
[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]