صدر مملکت آصف علی زرداری کو بحرین کا اعلیٰ ترین ایوارڈ عطا، صدر مملکت اور شاہ بحرین کے درمیان ملاقات میں تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار
منامہ : صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو بحرین کے سرکاری دورے کے دوران ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز عطا کر دیا گیا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی قصر القضیبیہ آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جہاں بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
صدر مملکت اور شاہ بحرین کے درمیان ملاقات میں پاک بحرین دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا اور برادرانہ روابط کو نئی جہت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری کو بحرین کا اعلیٰ ترین ایوارڈ
وسام الشيخ عيسى بن سلمان آل خليفة من الدرجة الأولى
عطا کیا گیا۔ یہ اعزاز پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور صدر مملکت کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
صدر مملکت اور شاہ بحرین کے درمیان ملاقات میں تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

صدر آصف علی زرداری نے بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ زراعت، آئی ٹی، صحت، سیاحت اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
صدر مملکت اور شاہ بحرین کے درمیان ملاقات کے دوران دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو پاک بحرین تعلقات کا اہم ستون قرار دیا گیا جبکہ عالمی اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اتحاد، تحمل اور مکالمے پر زور دیا۔
صدر مملکت نے بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو دوطرفہ تعلقات کا مضبوط پل قرار دیتے ہوئے بحرین میں مقیم ایک لاکھ 16 ہزار پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر شاہ بحرین کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر کنگ حمد یونیورسٹی اسلام آباد کو پاک بحرین دوستی کی علامت قرار دیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کا دورہ پاک بحرین تعلقات میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے بحرین میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا۔
بعد ازاں صدر مملکت اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔
Pres Asif Ali Zardari met 🇧🇭 King Hamad bin Isa Al Khalifa at Al-Qudaibiya Palace, Manama. He was accorded a guard of honour. Talks covered trade & investment, defence coop, support for the 🇵🇰 community and regional & global issues. The King conferred Sheikh Isa Award on him. pic.twitter.com/vuMl9atUCn
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) January 14, 2026
One Response