وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے آسان خدمت سینٹر کا افتتاح کر دیا،سینٹر میں نادرا، دفتر خارجہ، پولیس، ایف بی آر سمیت دیگر اہم سرکاری اداروں کی سہولیات دستیاب
اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے آسان خدمت سینٹر کا افتتاح کر دیا، جس کا مقصد شہریوں کو ایک ہی چھت تلے متعدد سرکاری اداروں کی خدمات فراہم کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان میں پہلا آسان خدمت سینٹر قائم ہو گیا ہے، جہاں عوام کو سرکاری امور کے لیے مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سینٹر میں نادرا، دفتر خارجہ، پولیس، ایف بی آر سمیت دیگر اہم سرکاری اداروں کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آسان خدمت سینٹر عوام کے لیے بے پناہ آسانیاں پیدا کرے گا اور سرکاری نظام میں شفافیت، رفتار اور سہولت کو فروغ دے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت عوام دوست اصلاحات کے ذریعے بیوروکریسی کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ اسلام آباد کے بعد مظفرآباد اور گلگت بلتستان میں بھی آسان خدمت سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ دور دراز علاقوں کے شہری بھی جدید سرکاری سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے اظہار تشکر کرتے ہوئے بتایا کہ دورہ باکو کے دوران انہوں نے اسی طرز کا ایک کامیاب ماڈل دیکھا تھا، جسے پاکستان میں اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم کے مطابق آسان خدمت سینٹر کے عملے کو آذربائیجان کے ماسٹر ٹرینرز نے تربیت فراہم کی ہے تاکہ خدمات کا معیار عالمی معیار کے مطابق ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو ڈیجیٹل گورننس اور شہری سہولتوں کے نئے دور میں داخل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور آنے والے وقت میں ایسے مزید مراکز ملک بھر میں قائم کیے جائیں گے۔
"اس جدید مرکز کا قیام عام شہریوں کو مختلف اداروں کی خدمات ایک چھت تلے فراہم کرے گا۔ نادرا، فارن آفس، پولیس، ایف بی آر اور دیگر متعلقہ ادارے اپنی خدمات یہاں مہیا کریں گے۔ یہ مرکز عوام کے لیے بے پناہ آسانی فراہم کرے گا۔
ماسٹر ٹرینرز، جو آذربائیجان سے تربیت حاصل کر کے آئے ہیں، خوش… pic.twitter.com/IMRMBaHa0T
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) January 15, 2026