تیراہ میں آپریشن صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر زبردستی شروع کیا گیا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، امن بندوق سے نہیں بلکہ اتفاق، مشاورت اور اعتماد سے قائم ہوتا ہے
پشاور : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ تیراہ میں آپریشن صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر زور زبردستی اور بدمعاشی کے ذریعے شروع کیا گیا، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بند کمروں میں کیے گئے فیصلے اگر عوام پر مسلط کیے جائیں تو وہ کبھی بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوتے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ضلع خیبر کے مشران اور عمائدین کا اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں ضلع خیبر کی مجموعی امن و امان کی صورتحال اور تیراہ میں آپریشن سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ قومی مشران نے امن کی بحالی اور متاثرین کی باعزت نقل مکانی سے متعلق اپنی تجاویز اور آراء پیش کیں۔
سہیل آفریدی نے تیراہ متاثرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اپنے عوام کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑے گی، تیراہ سے نقل مکانی کرنے والوں کی مدد کے لیے پوری قوم متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی تمام سیاسی جماعتیں اور مکاتب فکر اس بات پر متفق ہیں کہ ملٹری آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں۔ ہم دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں لیکن امن بندوق سے نہیں بلکہ اتفاق، مشاورت اور اعتماد سے قائم ہوتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے سوال اٹھایا کہ 22 بڑے اور 14 ہزار سے زائد چھوٹے آپریشنز کے بعد اب کیا ضمانت ہے کہ امن قائم ہو جائے گا؟ اگر صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیا جاتا تو قوم کو بھی اعتماد میں لے کر متفقہ فیصلے کیے جا سکتے تھے، مگر بدقسمتی سے ایسا نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے ملک کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، اپنے گھر بار چھوڑے، لیکن ایک منظم مائنڈ سیٹ آج بھی یہ نہیں چاہتا کہ پشتون بالخصوص قبائلی عوام کو قومی دھارے کا حصہ بنایا جائے۔ یہ وہی سوچ ہے جو گزشتہ 75 سال سے ہمارے وجود کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ منتخب ہونے کے فوراً بعد ان کے خلاف منفی اور گمراہ کن پراپیگنڈا شروع کر دیا گیا، جو ایک منتخب وزیراعلیٰ کے خلاف افسوسناک طرز عمل ہے، تاہم عوامی حمایت نے ہر منفی بیانیے کو ناکام بنا دیا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے عوام سے بندوق کے بجائے قلم دینے کا وعدہ کیا ہے، ملک کے دفاع کے لیے ہم صف اول میں کھڑے ہوں گے، لیکن اپنی قوم پر آنچ آئی تو میں چٹان کی طرح ان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔ عمران خان نے عوام میں اتنا شعور پیدا کر دیا ہے کہ وہ سچ اور منافقت میں فرق بخوبی جانتے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت ضلع باجوڑ کے پارلیمنٹیرینز، قومی مشران اور عمائدین پر مشتمل ایک اہم جرگے کا انعقاد ہوا۔
جرگے کے شرکاء نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ جرگے میں صوبے میں امن و امان… pic.twitter.com/3fyO717gyk
— Government of KP (@GovernmentKP) January 18, 2026
2 Responses