پاکستان میں سونے اور چاندی کی قیمتوں نے نئی بلند ترین سطح حاصل کرلی
ملک بھر میں سونے کی قیمت میں ایک روز کی معمولی کمی کے بعد دوبارہ بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں سونے اور چاندی کی قیمتوں نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے نے سرمایہ کاروں اور خریداروں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 9 ہزار 100 روپے کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونا 5 لاکھ 5 ہزار 562 روپے سے بڑھ کر 5 لاکھ 14 ہزار 662 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 10 گرام سونا 7 ہزار 802 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 33 ہزار 437 روپے سے بڑھ کر 4 لاکھ 41 ہزار 239 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ عالمی بازار میں فی اونس سونا 91 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 832 ڈالر سے بڑھ کر 4 ہزار 923 ڈالر فی اونس کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے، جس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی واضح طور پر مرتب ہو رہے ہیں۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایک تولہ چاندی 372 روپے اضافے کے بعد پہلی بار 10 ہزار روپے کی حد عبور کر گئی ہے۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی کی قیمت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 10 ہزار 275 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
صرافہ مارکیٹ سے وابستہ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عام خریداروں اور سرمایہ کاروں کی توجہ تیزی سے چاندی کی جانب منتقل ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے چاندی کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ڈیلرز کے مطابق اگر عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں کا رجحان یہی رہا تو مقامی سطح پر بھی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ موجود ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی غیر یقینی صورتحال، مہنگائی، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اس تیز رفتار اضافے نے زیورات کی خریداری کو عام شہری کے لیے مزید مشکل بنا دیا ہے۔

