سندھ کابینہ کا بڑا فیصلہ، سانحہ گل پلازہ کے شہداء کے اہلخانہ کو ایک کروڑ روپے فی کس دینے کی منظوری
کراچی: سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ میں شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ کو ایک کروڑ روپے فی کس معاوضہ دینے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کے دوران کابینہ کو بتایا گیا کہ سانحہ گل پلازہ سے متاثر ہونے والے دکانداروں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے فی دکان پانچ پانچ لاکھ روپے کچن اور یوٹیلیٹی اخراجات کی مد میں کمشنر کراچی کے ذریعے ادا کیے جا رہے ہیں۔

سندھ کابینہ نے متاثرہ دکانداروں کو کاروبار کی بحالی کے لیے ایک ایک کروڑ روپے بلاسود قرض فراہم کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ قرضہ دکانداروں کو دوبارہ کاروبار شروع کرنے کے قابل بنانے کے لیے دیا جا رہا ہے جبکہ اس قرض پر واجب الادا سود حکومت سندھ خود ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سانحہ گل پلازہ کے شہداء پر پوری حکومت کو گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار ہے اور ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔
کابینہ اجلاس میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی سربراہی میں ایک سب کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے جو سانحہ گل پلازہ سے متعلق تمام امور کا جائزہ لے گی۔ سب کمیٹی میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور ضیاء الحسن لنجار شامل ہوں گے۔
یہ سب کمیٹی کمشنر کراچی کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لے گی اور رپورٹ کی روشنی میں آئندہ کارروائی اور لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ متاثرہ دکانداروں کو دو ماہ کے اندر کاروبار دوبارہ شروع کرنے کے لیے دکانوں کی سہولت فراہم کی جائے گی اور حکومت دکانداروں کے تحفظ اور سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
سندھ کابینہ نے گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے ایک ایک کروڑ روپے دینے کی منظوری دے دی، گل پلازہ کے متاثرین دکانداروں کیلئے فوری طور پر متبادل جگہ دیکھی جارہی ہے تاکہ ان کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کیا جاسکے، سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن pic.twitter.com/D2Dmp7bNY7
— Sindh Information Department (@sindhinfodepart) January 27, 2026