ایران جنگ؛ ٹرمپ کو سہارا دینے کے لیے پادری اوول آفس پہنچ گئے، دعا کی ویڈیو وائرل

پادری اوول آفس میں امریکی صدر ٹرمپ کے لیے کی دعا
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

ایران جنگ؛ ٹرمپ کو سہارا دینے کے لیے پادری اوول آفس پہنچ گئے، دعا کی ویڈیو وائرل، پادریوں نے امریکی صدر کے کندھوں اور پشت پر ہاتھ رکھا

واشنگٹن: ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگی ماحول کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دفتر اوول آفس میں ایک غیر معمولی منظر دیکھنے کو ملا جب عیسائی مذہبی رہنماؤں اور پادریوں کا ایک گروپ صدر کے لیے دعا کرنے پہنچ گیا۔ اس موقع کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور عالمی سطح پر خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران متعدد عیسائی مذہبی رہنما صدر ٹرمپ کے گرد جمع ہوگئے۔ کچھ پادریوں نے امریکی صدر کے کندھوں اور پشت پر ہاتھ رکھا جبکہ دیگر نے ہاتھوں کی زنجیر بناتے ہوئے اجتماعی دعا کی۔

پادریوں نے ایران کے خلاف جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگی صورتحال کے دوران امریکی صدر کے لیے خدا سے رہنمائی، حکمت، طاقت اور تحفظ کی دعا مانگی۔ اس موقع پر امریکی فوجیوں کی سلامتی اور کامیابی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ایران پر امریکی حملہ اور تباہ شدہ تنصیبات کا منظر
ایران پر امریکی حملہ: صدر ٹرمپ نے ایرانی دفاعی نظام کی تباہی کی تصدیق کر دی۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذہبی رہنما آنکھیں بند کرکے دعا کر رہے ہیں جبکہ کچھ پادری اوول آفس صدر ٹرمپ کے قریب کھڑے ہو کر ان کے کندھوں پر ہاتھ رکھے ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ مذہبی رہنما امریکا کے مختلف حصوں سے وائٹ ہاؤس آئے تھے۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں کے دوران امریکی صدر کے فیصلوں کے لیے خدائی رہنمائی کی دعا کی۔

دوسری جانب ایک مذہبی آزادی سے متعلق تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج کے بعض اہلکاروں نے شکایت کی ہے کہ ایک فوجی کمانڈر نے مبینہ طور پر یہ دعویٰ کیا کہ صدر ٹرمپ کو حضرت عیسیٰ کی جانب سے منتخب کیا گیا ہے تاکہ ایران کے ساتھ ایک بڑی جنگ کے ذریعے آخری زمانے کے واقعات کا آغاز ہوسکے۔

تنظیم کے مطابق اس بیان پر متعدد فوجیوں نے اعتراضات بھی جمع کرائے ہیں اور اس معاملے پر اندرونی سطح پر بحث جاری ہے۔

پادری اوول آفس کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد عالمی سطح پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی اس موضوع پر بحث جاری ہے۔

 
[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]