ایران کے نئے سپریم لیڈر کا اعلان، سید مجتبیٰ خامنہ ای منتخب، وہ شہید آیت اللہ خامنہ ای کے صاحبزادے ہیں اور انہیں ملک کی قیادت سونپی گئی ہے
تہران: ایران نے اپنے نئے سپریم لیڈر کا اعلان کر دیا ہے اور مجلس خبرگان نے سید مجتبیٰ خامنہ ای کو ملک کا نیا رہبر منتخب کر لیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مجلس خبرگان نے نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے اجلاس منعقد کیا جس میں بھاری اکثریت سے سید مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا۔
سید مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے تیسرے رہبر کے طور پر منتخب ہوئے ہیں۔ وہ شہید آیت اللہ خامنہ ای کے صاحبزادے ہیں اور انہیں ملک کی قیادت سونپی گئی ہے۔

مجلس خبرگان کا خراج عقیدت
مجلس خبرگان کے اجلاس میں آیت اللہ خامنہ ای اور دیگر شہدا سمیت مناب اسکول کے شہید طلبا اور مسلح افواج کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
مجلس خبرگان کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ ملک کو قیادت کے خلا سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کیے گئے اور نئے رہبر کے انتخاب کے لیے تمام قانونی اور شرعی تقاضے پورے کیے گئے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نئے رہبر اعلیٰ کے ساتھ بیعت کریں اور قومی اتحاد کو برقرار رکھیں۔
دشمن کے حملوں کے باوجود انتخاب
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مجلس خبرگان کے ارکان نے کہا کہ دشمن کی جانب سے مجلس کے دفاتر پر بمباری کے باوجود سپریم لیڈر کے انتخابی عمل میں کوئی تاخیر نہیں ہوئی۔
ارکان نے زور دیا کہ مشکل حالات کے باوجود قومی اتحاد کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔
ماہرین کی رائے
سیکیورٹی ایکسپرٹ ڈاکٹر قمر چیمہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں تقریباً 40 سال بعد نئے سپریم لیڈر کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق پاسداران انقلاب کے کمانڈرز بھی سید مجتبیٰ خامنہ ای کے حامی ہیں اور ایرانی عوام بھی ان سے عقیدت رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر قمر چیمہ کا کہنا تھا کہ اس انتخاب سے پہلے یہ تاثر پایا جا رہا تھا کہ ایران میں نئی قیادت سامنے نہیں آ رہی، تاہم سید مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کے مشن کو جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل اس انتخاب کو قبول نہیں کریں گے، لیکن ایران میں قیادت کا فیصلہ ایران کا اندرونی معاملہ ہے۔
#BREAKING
Full text of the statement of the Assembly of Experts of the Leadership pic.twitter.com/cKi2p5kl1I
— Tehran Times (@TehranTimes79) March 8, 2026