کراچی میں بڑا دہشت گرد منصوبہ ناکام، بی ایل اے کمانڈر سہیل بلوچ ہلاک، فروری کو ہونے والے مقابلے میں ہلاک ہونے والا دہشت گرد انتہائی مطلوب تھا
کراچی: شہر میں ممکنہ بڑے دہشت گرد حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا جبکہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سندھ کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے والا دہشت گرد انتہائی مطلوب نکلا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی سندھ نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ حکام کے مطابق 17 فروری کو ہونے والے مقابلے میں ہلاک ہونے والا دہشت گرد انتہائی مطلوب تھا جس کی شناخت سہیل بلوچ عرف گرگ بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کا اہم کمانڈر اور ’’بولان ایریا فتح اسکواڈ‘‘ کا انچارج تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بی ایل اے کمانڈر سہیل بلوچ تنظیم کے اہم کمانڈروں رحمان گل، ڈاکٹر مکھو اور ملا امین کے ساتھ براہِ راست رابطے میں تھا اور ایک فعال نیٹ ورک چلا رہا تھا۔

ترجمان کے مطابق ملزم نے 2022 میں بلوچ لبریشن فرنٹ میں شمولیت اختیار کی اور بعد ازاں بطور کمانڈر دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد 50 سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی شہادت میں ملوث تھا۔ ملزم 12 مارچ کو پنجگور میں ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ پر ہونے والے حملے اور ان کی شہادت کا مرکزی کردار بھی تھا۔
اس کے علاوہ 11 مارچ 2025 کو جعفر ایکسپریس ٹرین کو نشانہ بنانے کے لیے 5 فدائین بھیجنے کا الزام بھی اسی دہشت گرد پر عائد کیا گیا تھا۔
ملزم مختلف مقامات پر ہائی ویز بلاک کرنے اور مسافروں کو ہراساں کرنے جیسی کارروائیوں میں بھی ملوث رہا۔
ترجمان نے بتایا کہ شاہ لطیف ٹاؤن میں ہونے والے اس مقابلے میں بی ایل اے کمانڈر سہیل بلوچ کے ساتھ اس کے دیگر ساتھی جلیل عرف نوید، نیاز عرف گنگ اور حمدان عرف فرید بھی ہلاک ہوئے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے ذریعے کراچی میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ حکام نے ہلاک دہشت گردوں کے دیگر سرپرستوں، ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں تاکہ اس نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
The Counterterrorism Department Sindh has said that a terrorist killed in an operation in Karachi on the 17th of February, 2026 has now been positively identified as a high-value-target terrorist commander of the BLA, namely SOHAIL BALOCH alias GARUK, previously with the BLF. pic.twitter.com/9ZjnRzQ8Zy
— The STRATCOM Bureau (@OSPSF) March 17, 2026