افغان سرزمین بھارت کی پراکسی بنی ہوئی ہے، دہشتگردوں کو بھارتی سرپرستی حاصل: خواجہ آصف

سیالکوٹ: خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین بھارت کی پراکسی کے طور پر استعمال ہو رہی ہے اور دہشتگردوں کو بھارتی سرپرستی حاصل ہے، جس سے پاکستان کو مسلسل سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔
وزیر دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک افواج نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور پانچ گنا بڑی فوج کا تکبر بھی ٹوٹ گیا، جبکہ بھارت اب بھی اس شکست کے اثرات سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں بھارت دوبارہ کسی مہم جوئی کی جرأت نہیں کرے گا۔
خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پراکسی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے اور دہشتگرد عناصر کو سپورٹ فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کی سرگرمیوں کے باعث پاکستانی افواج کو مصروف رکھا جا رہا ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم ملکی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ عوام سکون کی نیند سوتے ہیں کیونکہ افواجِ پاکستان کے جوان سرحدوں پر ملک کی حفاظت کر رہے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے اور ملک میں موجود انتشار کو ختم کر کے قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے۔
اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ جب بھارت نے حملہ کیا تو پاکستان نے کسی سفارتی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا بلکہ ملکی دفاع کو اولین ترجیح دی گئی، اور مستقبل میں بھی پاکستان اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
Khawaja Asif alleges India using Afghanistan for proxy war against Pakistanhttps://t.co/7fP8VVwY98#KhawajaAsif #Pakistan #India #Afghanistan #Security #Defence #RegionalPolitics #Geopolitics
— The_Nation (@The_Nation) May 3, 2026