ڈی جی آئی ایس پی آر کا دوٹوک اعلان، پاکستان نے معرکہ حق میں صرف 10 فیصد طاقت دکھائی

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

ڈی جی آئی ایس پی آر کا دوٹوک اعلان، پاکستان نے معرکہ حق میں صرف 10 فیصد طاقت دکھائی، پاکستان ہر قسم کی کثیر الجہتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہے

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ “معرکہ حق” میں پاکستان نے دنیا کو اپنی طاقت کا صرف 10 فیصد دکھایا تھا، اگر کسی نے دوبارہ آزمانے کی کوشش کی تو اسے پہلے سے زیادہ سخت جواب ملے گا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ “کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لا سکتا۔”

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) ریئر ایڈمرل شفاعت علی خان اور ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف (پروجیکٹس) ایئر وائس مارشل طارق محمود غازی کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے “معرکہ حق” کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے سیاسی و عسکری قیادت کے وژن کے مطابق اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی اور اللہ کے فضل سے قوم کی توقعات پر پورا اتریں۔

بھارت کا بیانیہ ناکام ہوگیا، دنیا سوال پوچھ رہی ہے

آرمی چیف275ویں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے
کور کمانڈرز کانفرنس کا اہم اجلاس

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت ایک عرصے سے پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن اس کا بیانیہ مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے پہلگام واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ واقعے کے صرف 15 منٹ بعد ایف آئی آر کیسے درج ہوگئی؟

ان کا کہنا تھا کہ آج عالمی برادری بھی سوال کرتی ہے کہ دہشت گردی کے پیچھے اصل ہاتھ کون ہے۔ بھارت اب تک اپنے الزامات کے ثبوت پیش نہیں کر سکا۔

پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن جب جواب دیا گیا تو ایسا منہ توڑ جواب تھا جسے بھارت کا بچہ بچہ یاد رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی عسکری ناکامیوں کو چھپانے کیلئے جھوٹے بیانیے اور فالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لے رہا ہے۔

“بھارتی فوج سیاست زدہ ہوچکی ہے”

میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی عسکری قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کی پروفیشنل ملٹری لیڈرشپ مکمل طور پر سیاست کی نذر ہو چکی ہے۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بھارتی حکومت اپنی فوجی قیادت کو “جوکر” بنا کر پیش کر رہی ہے جبکہ سیاستدان خود کو جنگجو ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

کشمیر عالمی تنازع، بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں بلکہ ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ بھارت اپنی شکست چھپانے کیلئے “فتنہ الخوارج” اور “فتنہ الہندوستان” جیسے پراکسی گروہوں کو استعمال کر رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کا مذاق

امریکی کانگریس رپورٹ میں پاکستان کی بھارت پر فوجی برتری کا انکشاف
امریکی کانگریس رپورٹ: مئی کی جھڑپ میں پاکستان کی برتری

ترجمان پاک فوج نے بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کو “انٹرٹینمنٹ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے تو لاہور میں بندرگاہ بھی بنا دی، جس پر ہماری نیوی والے بھی حیران رہ گئے کہ لاہور میں یہ پورٹ کہاں ہے۔

انہوں نے بھارتی میڈیا کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی عوام سے جھوٹ بولنا بند کرے۔

جنگ اب صرف سرحدوں تک محدود نہیں رہی

میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ جدید دور کی جنگ صرف ایل او سی تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ سائبر اسپیس، انفارمیشن وار اور اندرونی محاذوں تک پھیل چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی کثیر الجہتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہے۔

دہشت گردی میں بھارت کا کردار

ڈی جی آئی ایس پی آر نے الزام عائد کیا کہ بھارت افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “آپریشن غضب للحق” کے دوران اب تک 1800 سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کئی مرتبہ افغان حکام کو اس صورتحال سے آگاہ کیا لیکن مؤثر کارروائی نہ ہونے پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

“پاکستان متحد ہے”

پریس کانفرنس کے اختتام پر ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آج پوری دنیا پاکستان کی مضبوط “پولیٹیکو ملٹری ڈپلومیسی” دیکھ رہی ہے اور قوم، حکومت اور افواجِ پاکستان ایک دیوار کی طرح متحد کھڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ “معرکہ حق” قومی اتحاد، عزم اور پاکستان کی خودمختاری کے دفاع کے غیر متزلزل جذبے کی علامت ہے۔

 
[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]