معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل، وزیراعظم شہباز شریف کا قوم کے نام خصوصی پیغام
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کے بے شمار انعامات اور احسانات پر سجدۂ شکر بجا لانے کا دن ہے، جب پاکستان نے آزمائش کی گھڑی میں دشمن کو عبرتناک شکست دی۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء، ان کے اہلِ خانہ اور ان غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جو فولادی دیوار بن کر وطن کے دفاع کے لیے ڈٹ گئے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے اپنی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں سے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر منوایا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق اس حقیقت کی روشن دلیل ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے، تاہم دشمن کی بلااشتعال جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی اور دشمن کے ناقابلِ شکست ہونے کے زعم کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے ایئر چیف مارشل اور ایڈمرل نوید اشرف سمیت افواجِ پاکستان کے تمام افسران اور جوانوں کی خدمات کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ایک جانب اپنے امن کے عزم کو واضح کیا، تو دوسری جانب دفاعی توازن بحال رکھتے ہوئے اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بھرپور تحفظ یقینی بنایا۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے یا اس کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری، مؤثر اور ہمہ جہت جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ’’فتنہ الخوارج‘‘ اور ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے مکمل خاتمے اور دہشت گردی کے ناسور کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں مسئلہ کشمیر کا بھی خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا تذکرہ کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا، کیونکہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں اور پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو عالمی سطح پر ایک ذمہ دار ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے جو نہ صرف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے بلکہ عالمی امن اور استحکام میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے ایران اور امریکا تنازع میں پاکستان کے سفارتی کردار کو بھی سراہا۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے قوم سے عہد کی تجدید کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ’’فولادی دیوار‘‘ بن کر دشمنوں کا مقابلہ کریں گے اور پاکستان کی ترقی، سلامتی اور عظمت کے لیے متحد ہو کر کام جاری رکھیں گے۔
As the nation commemorates the glorious success of Marka-e-Haq and Operation Bunyan-un-Marsoos, we thank Allah Almighty and pay tribute to the extraordinary courage, unwavering resolve, and supreme sacrifices of our Armed Forces and the people of Pakistan.
In the face of…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 9, 2026