واہگہ بارڈر پر معرکہ حق کی شاندار تقریب، مریم نواز کا افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین
لاہور: معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر واہگہ بارڈر پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شرکت کرتے ہوئے افواجِ پاکستان اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے دوران رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے پریڈ پیش کی جبکہ خواتین اہلکاروں نے بھی پریڈ میں حصہ لیا۔ وطن سے محبت کے جذبے سے سرشار تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ملک کی امن و سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں قوم اور مسلح افواج نے دشمن کو ایسی عبرتناک شکست دی کہ وہ ہاتھ ملتا رہ گیا۔ انہوں نے شہداء کی ماؤں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ہیروز کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستانیوں کی امانت کی بھرپور انداز میں حفاظت کی اور دشمن کو ایسا جواب دیا کہ وہ حیران رہ گیا۔ انہوں نے سرحدوں پر تعینات جوانوں اور فوجی قیادت کو بھی سلام پیش کیا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھی کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں لکھا جائے گا کہ دنیا کو خطرناک جنگ سے بچانے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا جبکہ عالمی برادری بھی پاکستان کی کوششوں کو سراہ رہی ہے۔
قوم آج فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے 25 کروڑ پاکستانیوں کی امانت کی بہترین طریقے سے حفاظت کی اور دشمن کو ایسا جواب دیا کہ وہ دیکھتے رہ گئے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازpic.twitter.com/RoEmf2vzjw
— Pervaiz Sandhila (@chsandhilaa) May 10, 2026