امریکہ ایران مذاکرات، ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے پر آمادہ،معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولا جا سکتا، ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نہ صرف جوہری ہتھیار تیار نہ کرنے بلکہ کسی بھی ذریعے سے ایسے ہتھیار حاصل نہ کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کر چکا ہے، جسے انہوں نے جاری امریکہ ایران مذاکرات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
ایک امریکی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ تنازع کے بجائے سفارتی معاہدے کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ کسی بھی ممکنہ معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولا جا سکتا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی کم ہوگی اور عالمی تجارت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی سب سے بنیادی اور اہم شرط یہی ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔ ٹرمپ کے مطابق ابتدائی طور پر ایران صرف جوہری ہتھیار نہ بنانے پر آمادہ تھا، تاہم امریکی اعتراض کے بعد اس مؤقف میں توسیع کرتے ہوئے یہ شرط بھی شامل کی گئی کہ ایران کسی بھی شکل میں جوہری نوعیت کے عسکری ہتھیار خریدنے یا حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی مذاکرات کار سخت مؤقف رکھتے ہیں اور مذاکرات میں وقت لگ رہا ہے، تاہم واشنگٹن جلد بازی کے بجائے ایک مضبوط اور پائیدار معاہدہ چاہتا ہے جو مستقبل میں تنازعات کے امکانات کو کم کر سکے۔
خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ایران کی عسکری قیادت اور بعض اہم اہداف کو نشانہ بنایا، تاہم ایرانی فوجی ڈھانچے کو مکمل طور پر تباہ کرنے سے گریز کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی جنگوں، خصوصاً عراق کے تجربات سے یہ سبق ملا ہے کہ کسی ملک کے تمام ریاستی اداروں اور ڈھانچے کو ختم کر دینا طویل المدتی عدم استحکام پیدا کرتا ہے، اسی لیے اس بار مختلف حکمت عملی اختیار کی گئی تاکہ خطے میں مستقبل کے استحکام اور امن کی راہ ہموار ہو سکے۔
صدر ٹرمپ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جاری مذاکرات جلد کسی مثبت نتیجے تک پہنچ سکتے ہیں، جس سے نہ صرف امریکہ اور ایران کے تعلقات میں بہتری آئے گی بلکہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔
"The one guarantee that I have to have is that there will be no nuclear weapons, they've agreed to that."
President Donald J. Trump talks Iran, ballroom construction and more in a wide ranging interview with Lara Trump. 🇺🇸 pic.twitter.com/MPpXsbf5ej
— The White House (@WhiteHouse) May 31, 2026







One Response