بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں دہشتگردوں کا بزدلانہ حملہ، 5 مزدور شہید، سرچ آپریشن جاری

بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں دہشتگرد حملے کے بعد جائے وقوعہ
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں دہشتگردوں کا بزدلانہ حملہ، 5 مزدور شہید، سرچ آپریشن جاری، جاں بحق ہونے والے تمام افراد روزگار کے سلسلے میں دوسرے صوبوں سے بلوچستان آئے ہوئے تھے

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع واشک کی تحصیل ماشکیل میں دہشتگردوں نے ایک بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے پانچ مزدوروں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ حکومت بلوچستان نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ماشکیل میں ایک دکان پر کام کرنے والے مزدوروں کو نشانہ بنایا اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں پانچ مزدور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد روزگار کے سلسلے میں دوسرے صوبوں سے بلوچستان آئے ہوئے تھے۔

آپریشن شعبان میں پاک فوج اور ایف سی کی کارروائی، مزید 9 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان میں جاری آپریشن شعبان کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد شہداء کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے میں شہید ہونے والوں میں محمد بلال، محمد حسن، محمد قدیر، محسن اور بلال شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور فرار ہونے والے عناصر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی شاہد رند نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور شہداء کے اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے ذریعے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں، جبکہ حالیہ واقعے کے بعد بھی علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

 
READ MORE FAQS”

سوال 1: ماشکیل حملہ کہاں پیش آیا؟
جواب: یہ واقعہ بلوچستان کے ضلع واشک کی تحصیل ماشکیل میں پیش آیا۔

سوال 2: حملے میں کتنے افراد شہید ہوئے؟
جواب: دہشتگردوں کی فائرنگ سے پانچ مزدور شہید ہوئے۔

سوال 3: حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے کیا کارروائی کی؟
جواب: سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

سوال 4: حکومت بلوچستان کا کیا مؤقف ہے؟
جواب: حکومت بلوچستان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔