عمانی وزیر کی مریم نواز سے ملاقات، ”اپنی چھت، اپنا گھر“ منصوبے کی تعریف

مریم نواز کی عمانی وزیر ڈاکٹر خلفان بن سعید سے ملاقات

مریم نواز عمانی وزیر ملاقات کے دوران پنجاب کے ہاؤسنگ منصوبے ”اپنی چھت، اپنا گھر“ سمیت کم آمدن والے افراد کے لیے رہائشی سہولیات، ہاؤسنگ فنانسنگ اور شہری ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا

عمانی وزیر ڈاکٹر خلفان بن سعید بن مبارک الشویلی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا اور انہیں ایو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی۔

ملاقات کے دوران عمانی وزیر نے پنجاب حکومت کے ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ مریم نواز شریف نے منصوبے کی پذیرائی پر عمانی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پروگرام کے مختلف پہلوؤں اور اس کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے عمانی وفد کو ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“، ”اپنی زمین، اپنا گھر“ اور ”اپنی چھت، محفوظ چھت“ سمیت دیگر منصوبوں کی تفصیلات بھی بتائیں۔

مریم نواز شریف کے مطابق ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام کے تحت صرف 18 ماہ کے عرصے میں 2 لاکھ سے زائد افراد کو گھر بنانے کے لیے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔ ان کے مطابق اس پروگرام کے لیے 260 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے گئے ہیں جبکہ قرضوں کی اقساط کی وصولی بھی شروع ہوچکی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ پروگرام کے تحت سوا لاکھ سے زائد خاندان اپنے گھروں میں منتقل ہوچکے ہیں۔ ان کے مطابق پروگرام میں میرٹ اور شفافیت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے اور مستحق افراد کو قرض کے حصول کے لیے کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام کے تحت پنجاب میں 10 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں، تاہم معاشی مشکلات اس ہدف کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پانچ سال کے دوران کم آمدن والے افراد کے لیے 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف پورا کرے گی۔

وزیراعلیٰ کے مطابق پروگرام میں قرض کی ماہانہ قسط صرف 14 ہزار روپے مقرر ہونے کے باعث ریکوری ریٹ 99 فیصد سے زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کے ذریعے صوبے بھر کے خاندانوں کا ڈیٹا مرتب کیا گیا ہے، جس سے رہائشی ضروریات کا اندازہ لگانے میں مدد ملتی ہے۔

عمانی وزیر کا ہاؤسنگ منصوبے میں اظہار دلچسپی

عمانی وزیر ڈاکٹر خلفان بن سعید بن مبارک الشویلی نے کہا کہ عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے مریم نواز شریف سے گفتگو میں کہا کہ عمان پاکستانیوں کی طرح وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے بھی دوسرے گھر کی حیثیت رکھتا ہے۔

ڈاکٹر خلفان نے عمان میں ہاؤسنگ فنانسنگ کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا۔ ان کے مطابق عمان میں ہاؤسنگ لون کے دو ماڈلز موجود ہیں جبکہ ایک ہزار ڈالر سے کم آمدن رکھنے والے افراد کے لیے ہاؤسنگ گرانٹ بھی فراہم کی جاتی ہے۔

عمانی وزیر نے بتایا کہ عمان ہاؤسنگ بینک کے ذریعے بھی ہاؤسنگ قرضے فراہم کیے جاتے ہیں، تاہم ان کے مطابق پنجاب کا ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام بلاسود ہونے کی وجہ سے زیادہ بہتر ماڈل ہے۔

ملاقات میں عمان کے شہری منصوبہ بندی کے نظام پر بھی گفتگو ہوئی۔ ڈاکٹر خلفان کے مطابق عمان میں ہاؤسنگ اور اربن ڈویلپمنٹ کے لیے دو مختلف محکمے کام کررہے ہیں، جبکہ مسقط میں تیزی سے ترقی کرتی رئیل اسٹیٹ انڈسٹری کے لیے مربوط منصوبہ بندی اور پائیدار حکمت عملی کے تحت اربن پلاننگ پر توجہ دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمان میں ہر کمیونٹی اور سیکٹر کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقتصادی اور ماحولیاتی منصوبہ بندی کے تحت شہری ترقی کے منصوبے بنائے جاتے ہیں۔ مستقبل کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے اسمارٹ ہاؤسنگ کو بھی خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔

عمانی وزیر نے مزید بتایا کہ پاکستانی کمپنیاں مسقط کے رئیل اسٹیٹ شعبے میں بھی قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

ملاقات میں پنجاب کے ہاؤسنگ ماڈل، عمان میں ہاؤسنگ فنانسنگ، شہری منصوبہ بندی، رئیل اسٹیٹ اور مستقبل کی رہائشی ضروریات کے حوالے سے دونوں جانب سے تجربات کا تبادلہ کیا گیا۔

READ MORE FAQS

سوال: عمانی وزیر نے مریم نواز سے ملاقات میں کس منصوبے میں دلچسپی ظاہر کی؟
جواب: عمانی وزیر ڈاکٹر خلفان بن سعید بن مبارک الشویلی نے پنجاب کے ”اپنی چھت، اپنا گھر“ منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

سوال: ”اپنی چھت، اپنا گھر“ منصوبے کے تحت کتنے افراد کو قرضے جاری ہوئے؟
جواب: وزیراعلیٰ مریم نواز کے مطابق صرف 18 ماہ میں 2 لاکھ سے زائد افراد کو گھر بنانے کے لیے قرضے جاری کیے گئے ہیں۔

سوال: ”اپنی چھت، اپنا گھر“ کے لیے کتنی رقم کے قرضے جاری ہوئے؟
جواب: مریم نواز کے مطابق منصوبے کے تحت 260 ارب روپے کے بلاسود قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔

سوال: منصوبے کے تحت کتنے خاندان اپنے گھروں میں منتقل ہوچکے ہیں؟
جواب: وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق سوا لاکھ سے زائد خاندان اپنے گھروں میں منتقل ہوچکے ہیں۔

وَأَقِيمُوا الصَّلَاةَ وَآتُوا الزَّكَاةَ وَركَعُوا مَعَ الرَّاكِعِينَ

فجر04:44 AM
طلوع آفتاب06:07 AM
ظہر11:55 AM
عصر03:14 PM
مغرب05:44 PM
عشاء07:07 PM
اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے، تو خوب تحقیق کر لیا کرو، ایسا نہ ہو کہ تم کسی قوم کو نادانی میں نقصان پہنچا بیٹھو، پھر اپنے کیے پر پچھتاتے رہو۔  الحجرات: 6