ایران کے وزیر خارجہ کے پاکستان سے رابطے، جنگ بندی اور خطے کی صورتحال پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ گفتگو
اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں خطے کی صورتحال اور جنگ بندی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ گفتگو کی۔
اسحاق ڈار سے گفتگو کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے تنازعات کے حل کے لیے مسلسل مکالمے اور سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسی کے ذریعے خطے میں پائیدار امن اور استحکام ممکن ہے۔

ذرائع کے مطابق عباس عراقچی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان ہونے والی گفتگو میں بھی علاقائی صورتحال اور جنگ بندی کے امکانات پر غور کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان، امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کے قیام کیلئے متحرک سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر مختلف عالمی رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد میں مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کیلئے جاری کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر خارجہ نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ہونے والے رابطوں پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیا، جبکہ اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ایران اور امریکا کو جلد دوبارہ مذاکرات کی میز پر لایا جا سکے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے قیام کیلئے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔
DPM/FM Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 received a call today from Foreign Minister of Iran H.E. Abbas Araghchi @Araghchi.
Both sides exchanged views on regional developments, the ceasefire, and ongoing diplomatic efforts being pursued by Islamabad in the context of… pic.twitter.com/eJ1fuVTVKE
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) April 24, 2026