ملک بھر میں بارش اور برفباری کا الرٹ، شدید سردی کی لہر متوقع

ملک بھر میں بارش اور برفباری کا امکان
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

ملک بھر میں بارش اور برفباری کا الرٹ، شدید سردی کی لہر متوقع، برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں، بجلی کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ متاثر ہو سکتی ہے

اسلام آباد : ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ ہفتے کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں ممکنہ شدید سردی کی لہر کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ کل سے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جبکہ 20 جنوری سے اس کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ یہ موسمی نظام 21 جنوری سے ملک کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 19 جنوری تک گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے۔
18 سے 20 جنوری کے دوران مری اور گلیات میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے، جبکہ 20 سے 23 جنوری کے دوران اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح 21 سے 23 جنوری کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری جبکہ 22 سے 23 جنوری کے دوران سندھ کے مختلف مقامات پر بارش متوقع ہے۔

برائلر گوشت کی قیمت میں اوور چارجنگ
شدید سردی کی لہر سے پاکستان متاثر، دھند کے باعث موٹرویز بند

محکمہ موسمیات کے مطابقملک بھر میں بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ تاہم بارش کے باعث پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا میں دھند کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے شہریوں کو خراب موسم اور ملک بھر میں بارش اور برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کا الرٹ

پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش اور شدید سردی کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 16 سے 19 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا سسٹم پنجاب میں داخل ہوگا۔
20 سے 23 جنوری کے دوران مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری جبکہ لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بارش متوقع ہے۔

تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کی احتیاطی ہدایات

این ڈی ایم اے کے مطابق جنوری کے آخر تک رات اور صبح کے اوقات میں شدید سرد موسم متوقع ہے۔ پہاڑی علاقوں میں درمیانے سے شدید برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں، بجلی کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ متاثر ہو سکتی ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ:

ملک بھر میں بارش اور برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں

برفباری والے علاقوں میں گاڑیوں کے ٹائروں پر حفاظتی زنجیر کا استعمال کریں

بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے

موسم کی مستند معلومات کے لیے این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ اور تصدیق شدہ ذرائع استعمال کیے جائیں

 
[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]