یورپی یونین بورڈ آف پیس پر امریکی دباؤ مسترد، سخت موقف اختیار

یورپی یونین بورڈ آف پیس پر امریکی دباؤ مسترد
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

یورپی یونین نے امریکی بورڈ آف پیس پر سنگین تحفظات کا اظہار کر دیا

یورپی یونین (ای یو) نے امریکہ کی جانب سے تجویز کردہ ’’بورڈ آف پیس‘‘ پر شدید تحفظات اور شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے دباؤ یا جبر کے تحت اپنے مفادات پر سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ان کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔

یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے کونسل کے ہنگامی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کو مجوزہ بورڈ آف پیس کے متعدد پہلوؤں پر سنجیدہ خدشات لاحق ہیں۔ ان کے مطابق اس بورڈ کے دائرہ کار، اس کے نظم و نسق اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے ساتھ اس کی مطابقت جیسے اہم معاملات پر واضح سوالات موجود ہیں جنہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

انتونیو کوسٹا کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اپنے رکن ممالک، شہریوں اور کاروباری اداروں کے مفادات کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے اور کسی بھی قسم کے بیرونی دباؤ یا جبر کی کوشش کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یورپی یونین اپنے فیصلے آزادانہ اور خودمختارانہ بنیادوں پر کرے گی۔

یورپی کونسل کے صدر نے مزید کہا کہ یورپی یونین کے پاس وہ تمام وسائل، صلاحیتیں اور ادارہ جاتی ڈھانچہ موجود ہے جو اس کے مفادات کے دفاع کے لیے درکار ہیں، اور ضرورت پڑنے پر ان تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

یورپی یونین کے اس مؤقف کو عالمی سفارتی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ای یو عالمی امور میں کسی بھی مجوزہ اقدام پر بغیر مکمل وضاحت اور بین الاقوامی قوانین سے ہم آہنگی کے حمایت کرنے کے لیے تیار نہیں۔

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]