آزاد کشمیر: وزیراعظم انوارالحق کے خلاف عدم اعتماد کامیاب، فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیراعظم منتخب، فیصل ممتاز راٹھور کو 36 ووٹ ملے، جبکہ قرارداد کی مخالفت میں صرف 2 ووٹ ڈالے گئے
مظفرآباد (رئیس الاخبار) :— آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ایک اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوگئی۔ ایوان نے بھاری اکثریت سے قرارداد منظور کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار راجا فیصل ممتاز راٹھور کو نئے وزیراعظم منتخب کر لیا۔
ایوان میں منعقدہ ووٹنگ کے دوران فیصل ممتاز راٹھور کو 36 ووٹ ملے، جبکہ قرارداد کی مخالفت میں صرف 2 ووٹ ڈالے گئے۔ اس طرح وہ آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب ہوکر آج سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
تحریک عدم اعتماد کیسے پیش ہوئی؟
تحریک عدم اعتماد پیپلز پارٹی کے رکن قاسم مجید نے پیش کی تھی۔ یہ قرارداد جمعے کے روز اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی تھی، جس پر 25 اراکین کے دستخط موجود تھے۔ ان میں 23 ارکان پیپلز پارٹی اور 2 مسلم لیگ (ن) کے شامل تھے۔
اجلاس کی صدارت اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کی، جبکہ اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد سمیت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے اراکین بھرپور تعداد میں موجود تھے۔
رمزیہ ملاقاتیں اور سیاسی جوڑ توڑ فیصلہ کن ثابت ہوئے
اتوار کے روز اہم سیاسی موڑ اس وقت آیا جب پی ٹی آئی کے فارورڈ بلاک سے تعلق رکھنے والے وزراء دیوان علی چغتائی اور تقدیس کوثر گیلانی نے فریال تالپور سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
ان شمولیتوں سے پیپلز پارٹی کی پارلیمانی قوت 27 سے بڑھ کر 29 ہوگئی، جس کے بعد وہ واضح اکثریت کی پوزیشن میں آ گئی۔
اکتوبر میں بھی پی ٹی آئی کے 10 ارکان پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے تھے، جس نے پارٹی کی مجموعی پوزیشن کو مضبوط بنایا۔
اسمبلی میں سیاسی تبدیلیوں کی تاریخ — 4 سال میں 4 وزیراعظم
آزاد کشمیر کی سیاست پچھلے چار برسوں سے غیر معمولی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے۔ 2021 میں تشکیل پانے والے موجودہ ایوان میں اب تک تین وزرائے اعظم تبدیل ہو چکے ہیں:

عبدالقیوم نیازی — 35 ووٹوں سے منتخب ہوئے، 9 ماہ بعد مستعفی
سردار تنویر الیاس — اپریل 2023 میں توہین عدالت پر نااہل
چوہدری انوارالحق — اپریل 2023 میں منصب سنبھالا
فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیراعظم منتخب — تحریک عدم اعتماد کے بعد چوتھے وزیراعظم
آزاد کشمیر میں سادہ اکثریت = 27 ووٹ، جو پیپلز پارٹی اس وقت تنہا رکھتی ہے۔
آئین کے مطابق عدم اعتماد کی منظوری کے ساتھ ہی قرارداد میں موجود متبادل امیدوار بلا مقابلہ وزیراعظم منتخب ہوجاتا ہے، لہٰذا فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی متوقع تھی۔
فیصل ممتاز راٹھور وزیراعظم آزادکشمیر منتخب ہو گئے pic.twitter.com/WnFrEB7OD2
— Pir Abdul Qadir Shah Jillani (@QadirshahQ22958) November 17, 2025
2 Responses