ایران امریکا مذاکرات میں پیشرفت، نئی تجاویز پاکستان کے ذریعے واشنگٹن کو ارسال
اسلام آباد: ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم سفارتی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں تہران نے جنگ بندی اور امن مذاکرات کے لیے نئی تجاویز پاکستان کے ذریعے واشنگٹن کو ارسال کر دی ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ تجاویز جمعرات کی شام پاکستانی ثالثوں کے حوالے کی گئیں، جنہیں باضابطہ طور پر امریکی حکام تک پہنچایا جا رہا ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق مذاکرات کے لیے نیا فارمولا بھی تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد جنگ کا خاتمہ اور خطے میں پائیدار امن کا قیام ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ جنگ کا خاتمہ اور مستقل امن تہران کی اولین ترجیح ہے، تاہم امریکا کے ساتھ مذاکرات میں فوری نتائج کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی پیشرفت سے متعلق باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ کئی ممالک اس معاملے میں کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں، لیکن پاکستان ہی اس وقت باضابطہ ثالث کے طور پر کام کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے کا مرکزی ذریعہ بنا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں ایران امریکا مذاکرات کا پہلا دور ہو چکا ہے، تاہم اب تک دوسرے مرحلے کا انعقاد نہیں ہو سکا۔ ماہرین کے مطابق حالیہ پیشرفت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے، تاہم حتمی نتائج کے لیے مزید سفارتی کوششیں درکار ہوں گی۔
دوسری جانب عباس عراقچی نے ایک بیان میں امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جنگی اخراجات اور نقصانات سے متعلق حقائق چھپا رہا ہے، جبکہ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے اثرات عالمی سطح پر بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔
Iran sends proposal for negotiations with US to mediator Pakistan https://t.co/nNWVztcyoO https://t.co/nNWVztcyoO
— Reuters (@Reuters) May 1, 2026