اسلام آباد میں شادی والے گھر میں سلنڈر دھماکا، دولہا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق، واقعہ ایک شادی والے گھر میں پیش آیا
اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں شادی کی تقریب کے دوران گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دولہا اور دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق افسوسناک واقعہ ایک شادی والے گھر میں پیش آیا، جہاں صبح کے وقت اچانک سلنڈر دھماکا ہوا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ پورا گھر ماتم کدہ بن گیا اور علاقے میں چیخ و پکار مچ گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے مطابق گھر میں شادی کی تقریبات جاری تھیں کہ اچانک سلنڈر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے 5 لاشیں اور 10 زخمیوں کو نکالا، جن میں دولہا اور دلہن بھی شامل تھے۔
اے ڈی سی اسلام آباد نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دورانِ علاج مزید 3 افراد دم توڑ گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہو گئی۔ زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ پمز اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے باعث تین گھر مکمل طور پر تباہ جبکہ ایک گھر جزوی طور پر متاثر ہوا ہے۔ قریبی گھروں کے اسٹرکچر کا بھی حفاظتی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اے ڈی سی کا کہنا تھا کہ شادی کی تقریب کے باعث گھر میں افراد کی تعداد زیادہ تھی، جس کے نتیجے میں جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پمز اسپتال کے ذرائع کے مطابق جاں بحق تمام افراد کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے۔ متاثرہ گھر مکمل طور پر تباہ ہونے کے باعث ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشوں کو سرد خانے منتقل کیا جا رہا ہے۔ میتوں کی حوالگی اور پوسٹ مارٹم سے متعلق فیصلہ لواحقین کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں شادی والا گھر ماتم میں تبدیل
سیلنڈر دھماکا میں دلہا دلہن سمیت آٹھ افراد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے
Islamabad cylinder blast #Islamabad#KarachiRejectsPTI#گلگت_سے_کراچی_تک_مزاحمت#PakistanOnOnePage pic.twitter.com/JMUGKB1SKT
— Sumair jamil (@sumair_shah123) January 11, 2026
2 Responses