غیر ملکی وفود کی آمد، اسلام آباد میں ریڈ زون بند، سیکیورٹی ہائی الرٹ
اسلام آباد — وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت اسلام آباد میں ریڈ زون بند اور اس کا توسیعی علاقہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق کورال سے زیرو پوائنٹ تک اسلام آباد ایکسپریس وے کو بند رکھا جائے گا جبکہ سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک کو روکا جا سکتا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے شہر کی تمام شاہراہوں پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ تاحکم ثانی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسلام آباد میں ریڈ زون بند ہونے کے باعث ممکنہ مشکلات سے بچنے کے لیے ان دنوں اسلام آباد کا سفر کرنے سے گریز کریں۔
اسلام آباد میں ریڈ زون بند شہریوں کے لیے متبادل ٹریفک پلان
جاری کردہ متبادل ٹریفک پلان کے مطابق جی 5، جی 6، جی 7، ایف 6 اور ایف 7 کے رہائشیوں کو مارگلہ روڈ سے نائنتھ ایونیو کا راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ وہ باآسانی راولپنڈی آ جا سکیں۔
اسی طرح فیصل ایونیو اور زیرو پوائنٹ سے آنے والی ٹریفک کو بھی نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

اگر زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک کا راستہ بند ہو تو شہری سری نگر ہائی وے سے نائنتھ ایونیو، اسٹیڈیم روڈ، مری روڈ اور راول روڈ کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں۔
دیگر علاقوں کے لیے ہدایات
انتظامیہ کے مطابق پارک روڈ یا کلب روڈ کی بندش کی صورت میں ٹریفک کو ترامڑی چوک کی طرف موڑا جائے گا۔
بھارہ کہو کے رہائشی کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کر سکیں گے۔
راولپنڈی کے صدر راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو کرنل شیر خان روڈ، فقیر ایپی روڈ یا نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ہیوی ٹریفک کے لیے خصوصی پلان
انتظامیہ کے مطابق پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا سے موٹروے، چکری انٹرچینج اور چک بیلی روڈ کے ذریعے روات جی ٹی روڈ پر بھیجا جائے گا۔
اسی طرح لاہور سے پشاور جانے والی ہیوی ٹریفک کو روات سے چک بیلی روڈ اور چکری انٹرچینج کے ذریعے موٹروے کا راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پیجز، واٹس ایپ چینل اور ایف ایم 92.4 سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔
Alternate Traffic Plan in Place
Due to the arrival of foreign delegations in Islamabad, Red Zone and Extended Red Zone will remain completely closed for all kinds of traffic.
Citizens are advised to use alternate routes and cooperate with traffic police to ensure smooth flow… pic.twitter.com/qHO8MI64pL
— Islamabad Police (@ICT_Police) April 19, 2026