اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کا نایاب لیب سے معاہدہ، صحافیوں اور اہل خانہ کو میڈیکل ٹیسٹ پر 40 فیصد رعایت
اسلام آباد: اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آئی یو جے) نے صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے نایاب لیب کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے، جس کے تحت یونین کے تمام ممبران اور ان کے اہل خانہ کو میڈیکل ٹیسٹوں پر 40 فیصد خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی۔

معاہدے پر دستخط نایاب لیب کے سی ای او نواب ظہیر الدین شیخ اور اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کی قیادت کے درمیان ہوئے۔ اس شراکت داری کا مقصد صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو معیاری، بروقت اور کم لاگت طبی تشخیصی سہولیات مہیا کرنا ہے۔
اس موقع پر اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر فیاض تنولی، جنرل سیکرٹری سردار سجاد طارق، فنانس سیکرٹری ملک نجیب، ڈپٹی جنرل سیکرٹری راشد عباسی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری (خواتین) سلمیٰ ملک، نائب صدر (خواتین) فائزہ یونس سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے چیئرمین شاہنواز خان نے معاہدے کو صحافی برادری کی فلاح کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے یونین کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کو براہ راست فائدہ پہنچے گا اور وہ معیاری طبی سہولیات سے کم خرچ پر استفادہ کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس صحافیوں کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور مستقبل میں بھی صحت، تعلیم، قانونی معاونت اور دیگر سماجی شعبوں میں ایسے مزید فلاحی منصوبے متعارف کرائے جائیں گے تاکہ صحافی برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔






